کراچی میں ہیوی ٹریفک کا ایک اور حادثہ، واٹر ٹینکر نے بزرگ شہری کو کچل دیا

شائع April 20, 2025
—فائل فوٹو: اے ایف پی
—فائل فوٹو: اے ایف پی

کراچی میں ہیوی ٹریفک سے حادثات میں مسلسل اضافہ دیکھا جارہا ہے، آج واٹر ٹینکر نے ایک بزرگ شہری کو کچل دیا۔

ڈان نیوز کے مطابق پولیس اور ریسکیو حکام نے بتایا ہے کہ کراچی میں ہیوی ٹریفک سے ایک اور حادثہ ریکارڈ کیا گیا ہے جس کے نتیجے میں ایک بزرگ شہری اپنی جان گنوا بیٹھا۔

ہسپتال ریکارڈز کے مطابق 2024 میں کراچی میں ڈمپرز اور واٹر ٹینکرز سمیت بھاری گاڑیوں سے پیش آنے والے حادثات میں تقریباً 500 افراد جاں بحق اور 4 ہزار 879 زخمی ہوئے۔

سعید آباد پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او ادریس بنگش نے اتوار کو ڈان ڈاٹ کام سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ قلعہ الطاف، سیکٹر ای-ایٹ میں واٹر ٹینکر ڈرائیور گاڑی کو ریورس کر رہا تھا کہ اس دوران اس نے قریب بیٹھے بزرگ شہری کو کچل دیا، 75 سالہ عارف خان موقع پر ہی دم توڑ گیا۔

ایس ایچ او نے بتایا کہ لاش کو قانونی کارروائی کے لیے سول ہسپتال کراچی منتقل کیا گیا، جب کہ ڈرائیور ٹینکر کو وہیں چھوڑ کر موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔

حادثے کے بعد اہل علاقہ مشتعل ہوگئے اور انہوں نے ٹینکر کو نقصان پہنچایا تاہم پولیس نے موقع پر پہنچ کر مظاہرین کو منتشر کیا اور ٹینکر کو اپنی تحویل میں لے لیا۔

بعد ازاں، 2 سے 3 گاڑیوں میں سوار افراد نے پولیس پر پتھراؤ کیا جس کے نتیجے میں 3 اہلکار زخمی ہوئے، پولیس نے لاٹھی چارج کرکے ہجوم کو منتشر کیا۔

کراچی میں بڑھتے ہوئے حادثات پر قابو پانے کے لیے صوبائی حکومت کی کوششوں کے تحت، جمعرات کو شہری انتظامیہ نے دن کے اوقات میں بھاری گاڑیوں پر لگائی گئی مکمل پابندی میں مزید 2 ماہ کی توسیع کر دی۔

گزشتہ ہفتے، نارتھ کراچی کے علاقے میں ایک ہیوی گاڑی کی موٹر سائیکل سوار سے ٹکر کے بعد مشتعل ہجوم نے کے - فور چورنگی جانے والی مرکزی سڑک کے قریب 9 واٹر ٹینکرز اور ڈمپرز کو آگ لگا دی تھی۔

ہفتے کے روز ایک پولیس اہلکار نے بتایا کہ شارع لیاقت پر ایک ٹریلر نے موٹر سائیکل پر سوار دو افراد کو کچل کر ہلاک کر دیا، جب کہ جمعرات کو سپر ہائی وے (موٹروے) پر ایک ٹریلر ٹرک نے ایک نوجوان کو روند ڈالا۔

کارٹون

کارٹون : 15 جون 2025
کارٹون : 14 جون 2025