بھارت کو مزید توانائی اور دفاعی سازوسامان فروخت کرنے کیلئے کوشاں ہیں، امریکی نائب صدر
امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کہا ہے کہ بھارت کو مزید توانائی اور دفاعی سازوسامان فروخت کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق جے ڈی وینس کا بھارتی شہر جے پور میں ایک تقریر کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اگر بھارت اور امریکا کامیابی کے ساتھ مل کر کام کرتے ہیں تو ہم ایسی 21 ویں صدی دیکھیں گے، جس میں خوشحالی اور امن ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ میں یہ بھی مانتا ہوں کہ اگر ہم کامیابی سے کام کرنے میں ناکام رہے تو 21 ویں صدی پوری انسانیت کے لیے بہت تاریک وقت ہو سکتی ہے۔
انہوں نے گزشتہ روز عشائیے کے بعد بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی بھی بارہا تعریف کی، جے وینس اپنی اہلیہ اور تین بچوں کے ساتھ بھارت کے ذاتی چار روزہ دورے پر ہیں۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے، جب بھارت، امریکا کے ساتھ جلد تجارتی معاہدہ کرنے کے لیے جلدی کر رہا ہے۔
وینس نے کہا کہ وزیر اعظم مودی ایک سخت مذاکرات کار ہیں، وہ سخت سودے بازی کرتے ہیں۔
بھارتی وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے گزشتہ روز سان فرانسسکو میں کہا تھا کہ بھارت موسم خزاں تک تجارتی معاہدے پر ’مثبت‘ پیش رفت ہونے کی امید رکھتا ہے۔
امریکی نائب صدر نے کہا کہ ان کی نریندر مودی کے ساتھ تجارتی مذاکرات میں اچھی پیش رفت ہوئی ہے، اور اس بات کی تصدیق کی ہے کہ دونوں فریقوں نے تجارتی مذاکرات کے حوالے سے شرائط کو حتمی شکل دے دی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ ہماری اقوام کے درمیان حتمی معاہدے کی طرف ایک روڈ میپ طے کرتا ہے۔












لائیو ٹی وی