• KHI: Partly Cloudy 27.1°C
  • LHR: Partly Cloudy 19.5°C
  • ISB: Partly Cloudy 16.3°C
  • KHI: Partly Cloudy 27.1°C
  • LHR: Partly Cloudy 19.5°C
  • ISB: Partly Cloudy 16.3°C

بھارتی وزیراعظم کا دورہ سعودی عرب، محمد بن سلمان سے ملاقات کریں گے

شائع April 22, 2025
— فوٹو: اے ایف پی
— فوٹو: اے ایف پی

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے، جہاں وہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سمیت اہم ملاقاتیں کریں گے۔

غیر ملکی خبررساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق بھارتی وزیراعظم نے ایک روز قبل امریکا کے نائب صدر جے ڈی وینس سے نئی دہلی میں اعلیٰ سطح کے مذاکرات کیے جس کے اگلے روز ہی وہ سعود عرب پہنچ گئے۔

خیال رہے کہ بھارت دیگر ممالک کی طرح امریکا کے ساتھ تجارتی معاہدہ کرنے اور ممکنہ تجارتی پابندیوں سے بچنے کی کوشش کر رہا ہے۔

بھارتی وزیراعظم ہاؤس سے جاری بیان میں کہا گیا ’بھارت سعودی عرب کے ساتھ اپنے طویل اور تاریخی تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے، جو حالیہ برسوں میں اسٹریٹجک گہرائی اور رفتار اختیار کر چکے ہیں‘۔

نریندر مودی کے ’ایکس‘ اکاؤنٹ پر پوسٹ کی گئی تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ان کے جدہ پہنچنے پر سعودی حکام کی جانب سے بھارتی وزیراعظم کا استقبال کیا جارہا ہے۔

یاد رہے کہ سعودی عرب طویل عرصے سے بھارت کو تیل فراہم کرنے والا ایک اہم ملک رہا ہے جب کہ دنیا کی سب سے زیادہ آبادی والا ملک اپنی معیشت کے لیے بڑی حد تک پیٹرولیم درآمدات پر انحصار کرتا ہے۔

بھارتی وزارت خارجہ کے مطابق سعودی عرب اس وقت بھارت کا تیسرا سب سے بڑا تیل فراہم کنندہ ہے۔

سعودی عرب میں 2 ملین سے زائد بھارتی شہری مقیم ہیں جو مقامی لیبر مارکیٹ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں جب کہ بھارتی شہریوں نے متعدد بڑے منصوبوں میں اہم کردار ادا کیا اور وہ ہر سال اربوں ڈالرز وطن واپس بھیجتے ہیں۔

بھارتی وزیر اعظم ہاؤس کے مطابق مودی اپنے دو روزہ دورے کے دوران سعودی عرب میں مقیم بھارتی کمیونٹی سے بھی ملاقات کریں گے۔

واضح رہے کہ نریندر مودی اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے ڈونلڈ ٹرمپ کے پہلے دور صدارت کے دوران قریبی تعلقات قائم کیے تھے۔

دوسری جانب، امریکی صدر نے اشارہ دیا ہے کہ وہ اگلے ماہ سعودی عرب کا دورہ کریں گے، جو ان کی جانب سے دوسری بار صدر بننے کے بعد پہلا بڑا سفارتی دورہ ہوگا۔

کارٹون

کارٹون : 17 دسمبر 2025
کارٹون : 16 دسمبر 2025