متنازع کینالوں کا مسئلہ حل ہوچکا، سیاسی جماعتیں اور وکلا سڑکیں کھول دیں، شرجیل میمن

شائع April 27, 2025
فائل فوٹو
فائل فوٹو

سینیئر وزیر سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ متنازع کینالوں کا مسئلہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں حل ہوچکا ہے ، 2 مئی کو سی سی آئی اجلاس کے بعد یہ معاملہ ہمیشہ کے لیے بند ہوجائے گا، تمام سیاسی جماعتوں اور وکلا برادری سے گزارش ہے کہ سڑکیں کھول دی جائیں۔

ڈان نیو زکے مطابق سینیئر وزیر سندھ شرجیل انعام میمن نے اپنے بیان میں کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی انتھک محنت اور مؤثر حکمت عملی کے باعث کینالز کا مسئلہ مکمل طور پر ختم ہو چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 2 مئی کو سی سی آئی اجلاس کے بعد متنازع کینالوں کا معاملہ ہمیشہ کے لیے ختم ہوجائے گا۔

سینیئر وزیر نے سیاسی جماعتوں اور وکلا برادری سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ سڑکوں کو فوری طور پر کھول کر گڈز ٹرانسپورٹ کی روانی کو یقینی بنایا جائے تاکہ کسی کو مزید مالی یا معاشی نقصان نہیں ہو۔

انہوں نے کہا کہ سڑکوں کی بندش کی وجہ سے عوام، مال مویشی، امپورٹ ایکسپورٹ ، کسانوں اور غریب طبقات کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ اگر دھرنے ختم کیے جائیں تو یہ زیادہ بہتر ہوگا، لیکن اگر دھرنے جاری رکھے جا رہے ہیں تو کم از کم سڑکیں کھول دی جائیں تاکہ ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ احتجاج کو پرامن دائرے میں رکھا جائے تاکہ عوام کی زندگی معمول پر آ سکے۔

سینیئر وزیر نے کہا کہ وکلا برادری اور تمام سیاسی جماعتوں سے رابطے میں ہیں، حکومت سندھ ہر فریق سے مذاکرات کے لیے تیار ہے۔

شرجیل میمن نے اپیل کی کہ سیاسی جماعتیں اور وکلاء برادری شرپسند عناصر پر نظر رکھیں، کیونکہ موجودہ ملکی صورتحال میں ہم سب کو مل کر سمجھداری سے فیصلے کرنے ہوں گے۔

کارٹون

کارٹون : 13 جون 2025
کارٹون : 12 جون 2025