جامعہ کراچی میں پانی کی متاثرہ لائن کا مرمتی کام ہفتے کی شام تک مکمل ہو جائے گا، واٹر کارپوریشن
کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے چیف آپریٹنگ افسر (سی او او) انجینئر اسد اللہ خان نے کہا ہے کہ جامعہ کراچی میں پانی کی متاثرہ لائن کا مرمتی کام ہفتے کی شام تک مکمل کر لیا جائے گا۔
ڈان نیوز کے مطابق ترجمان نے بتایا کہ سی او او کراچی واٹر کارپوریشن انجینئر اسداللہ خان نے جامعہ کراچی میں پانی کی متاثرہ لائن کے مرمتی کام کی رفتار معیار اور ضروری سہولیات کاجائزہ لیا۔
ترجمان کے مطابق سی او او نےمتعلقہ افسران کو مرمتی کام ہفتےکی شام تک مکمل کرنے کی ہدایت کر دی۔
ترجمان نے بتایا کہ واٹرکارپوریشن کی ٹیم جامعہ کراچی میں پانی کی فراہمی بحال کرنےکےلیے سرگرم ہے۔
ترجمان واٹر کارپوریشن کے مطابق سی او او کو چیف انجینئر نے مرمتی کام کےحوالے سے بریفنگ دی، چیف انجینئر نے مرمتی کام ہفتے کی شام تک مکمل کرنےکی یقین دہانی کرائی۔
سی او او کا کہنا تھا کہ مرمتی کام مقررہ وقت پر مکمل کرکے پانی کی فراہمی کی بحالی کو یقینی بنایاجائے، مرمتی کام میں کسی قسم کی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔
واضح رہے کہ 29 اپریل کو جامعہ کراچی سے گزرنے والی پانی کی 84 انچ قطرکی مرکزی لائن پھٹ گئی تھی، یونیورسٹی کا نصف سے زیادہ رہائشی علاقہ زیر آب اور پانی گھروں میں داخل ہوگیا تھا، جبکہ شہر کے بڑے حصے کو پانی کی فراہمی جزوی طور پر متاثر ہو گئی تھی۔
رہائشی کالونی زیر آب آنے کے بعد جامعہ کراچی میں رہائش پذیر افراد اور طلبہ اسکول اور دفاتر کو نہیں جاسکے تھے، ترجمان واٹر کارپوریشن کے مطابق واٹر کارپوریشن نے پانی کے دباؤ کو کم کردیا گیا تھا تاکہ مرمتی کام شروع کیا جاسکے، پانی کے بہاؤ میں کمی آتے ہی مرمتی کام کا آغاز کردیا جائے گا جو کہ لگاتار 24 گھنٹے جاری رہے گا اور 96 گھنٹے میں مکمل کرلیا جائے گا۔












لائیو ٹی وی