• KHI: Clear 19.2°C
  • LHR: Partly Cloudy 12.1°C
  • ISB: Partly Cloudy 13.7°C
  • KHI: Clear 19.2°C
  • LHR: Partly Cloudy 12.1°C
  • ISB: Partly Cloudy 13.7°C

راولپنڈی: انسداد دہشتگردی کی عدالت نے 9 مئی کے مقدمات میں 20 ملزمان کو سزا سنا دی

شائع May 5, 2025
ملزمان نے سزاؤں میں نرمی کی استدعا کرتے ہوئے عدالت میں بیان دیا تھا کہ اپنے کیے پر پچھتاوا ہے — فائل فوٹو: ڈان نیوز
ملزمان نے سزاؤں میں نرمی کی استدعا کرتے ہوئے عدالت میں بیان دیا تھا کہ اپنے کیے پر پچھتاوا ہے — فائل فوٹو: ڈان نیوز

راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت (اے ٹی سی) نے 9 مئی کے فسادات میں ملوث 20 ملزمان کو سزا سنا دی۔

ڈان نیوز کے مطابق دوران سماعت پراسیکیوٹر کی جانب سے دلائل دیے گئے کہ ملزمان نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی گرفتاری پر طے شدہ منصوبہ بندی کے تحت ترنول ریلوے اسٹیشن پر حملہ کیا تھا، ملزمان نے ریلوے اسٹیشن کی عمارت، کھڑکیوں، دروازوں کو آگ لگائی، اور توڑ پھوڑ کی تھی، ریلوے اسٹیشن کے کمپیوٹر اور ریکارڈ کو بھی جلا دیا تھا۔

پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان نے دوران ٹرائل دفعہ 164 کے تحت اقبالی بیانات قلمبند کروائے تھے، ملزمان نے اقبالی بیان دیا تھا کہ پی ٹی آئی کی قیادت کے اکسانے پر حملہ کیا اور بہکاوے میں آکر توڑ پھوڑ کی۔

ملزمان نے سزاؤں میں نرمی کی استدعا کرتے ہوئے عدالت میں بیان دیا تھا کہ پی ٹی آئی قیادت نے 2 سال میں کوئی مالی یا قانونی معاونت نہیں کی، انہیں اپنے کیے پر پچھتاوا ہے۔

انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے ملزمان کو 6،6 ماہ قید اور 50، 50 ہزار روپے جرمانے کی سزائیں سنائیں، ملزمان 2 سال سے ضمانتوں پر تھے، جنہیں کمرہ عدالت کے باہر سے گرفتار کرلیا گیا۔

عالیہ حمزہ، نعیم پنجوتھہ کی ضمانتوں میں توسیع

دوسری جانب تحریک انصاف کے ستمبر میں احتجاج کے مقدمات میں عالیہ حمزہ اور نعیم پنجوتھ انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی کے جج امجد علی شاہ کے روبرو پیش ہوئے۔

عدالت نے دونوں ملزمان کی عبوری ضمانتوں میں 15 مئی تک توسیع کر دی۔

عالیہ حمزہ کی عدم حاضری پر عدالت نے 4 مقدمات میں ضمانت خارج کی تھی، عالیہ حمزہ کے خلاف 28 ستمبر کو احتجاج کے 4 مقدمات درج ہیں، جب کہ نعیم پنجوتھ کے خلاف ستمبر میں کیے گئے احتجاج کے 2 مقدمات درج ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 18 دسمبر 2025
کارٹون : 17 دسمبر 2025