سینئر اداکارہ حمیرا علی انتقال کر گئیں

شائع May 6, 2025
—فائل فوٹو: انسٹاگرام
—فائل فوٹو: انسٹاگرام

سینئر اداکارہ حمیرا علی کچھ عرصہ علیل رہنے کے بعد 65 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں، ان کی تدفین پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں کردی گئی۔

حمیرا علی زائد العمری کے باوجود شوبز میں متحرک تھیں، تاہم کچھ عرصے سے اسکرین سے دور تھیں۔

انہوں نے پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) سے کم عمری میں کیریئر کا آغاز کیا لیکن بچوں کی پیدائش کے بعد کچھ عرصے کے لیے انہوں نے اداکاری کو خیرباد کہا، پھر کئی سال بعد دوبارہ اسکرین پر واپس ہوئیں۔

حمیرا علی 1960 میں لاہور میں پیدا ہوئیں، وہیں پلی بڑھیں اور پھر 1976 کے بعد ساتھی اداکار عابد علی سے رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئیں، دونوں کی جوڑی کو کافی سراہا جاتا تھا۔

حمیرا علی اور عابد علی کو تین بیٹیاں ہوئیں، جن میں بڑی صاحبزادی ماڈل و اداکارہ ایمان علی، دوسری گلوکارہ رحمہ علی اور تیسری ماڈل و اداکارہ مریم علی شامل ہیں۔

حمیرا علی اور عابد علی کے درمیان 2006 میں طلاق ہوگئیں لیکن اس باوجود دونوں کے درمیان اولاد ہونے کی وجہ سے اچھے تعلقات رہے۔

عابد علی 2019 میں کچھ عرصہ علیل رہنے کے بعد انتقال کر گئے تھے، اداکار نے اداکارہ رابعہ نورین سے دوسری شادی کی تھی، دونوں کی دوسری شادی تھی۔

حمیرا علی 2006 میں طلاق کے کچھ عرصے بعد اسکرین پر واپس ہوئی تھیں اور انہوں نے پی ٹی وی سمیت دیگر نجی ٹی وی چینلز کے معروف ترین ڈراموں میں بھی کام کیا۔

اداکارہ کی بیٹی رحمہ علی اور ایمان علی نے والدہ کے انتقال کی خبر انسٹاگرام اسٹوریز میں شیئر کیں، جس پر شوبز شخصیات نے بھی اظہار افسوس کرتے ہوئے ان کی مغفرت کی دعائیں کیں۔

کارٹون

کارٹون : 15 دسمبر 2025
کارٹون : 14 دسمبر 2025