• KHI: Partly Cloudy 16.3°C
  • LHR: Partly Cloudy 9.3°C
  • ISB: Sunny 14.3°C
  • KHI: Partly Cloudy 16.3°C
  • LHR: Partly Cloudy 9.3°C
  • ISB: Sunny 14.3°C

قدامت پسند رہنما فریڈرش میرس جرمنی کے چانسلر منتخب

شائع May 6, 2025
جرمنی کے نو منتخب چانسلر فریڈرش میرس جرمنی کے صدر فرانک-والٹر اسٹین مائر سے ایک تقریب کے دوران اپنی تقرری کا سرٹیفکیٹ وصول کر رہے ہیں ( فوٹو: رائٹرز)
جرمنی کے نو منتخب چانسلر فریڈرش میرس جرمنی کے صدر فرانک-والٹر اسٹین مائر سے ایک تقریب کے دوران اپنی تقرری کا سرٹیفکیٹ وصول کر رہے ہیں ( فوٹو: رائٹرز)

جرمنی کے قدامت پسند رہنما فریڈرش میرس پارلیمنٹ کے ذریعے دوسرے مرحلے کی ووٹنگ میں چانسلر منتخب ہو گئے، پہلی کوشش میں ایک ذلت آمیز اور غیر متوقع شکست کے بعد ان کی مخلوط حکومت کا آغاز کمزور رہا۔

عالمی خبر رساں ادارے روئٹرز کی رپورٹ کے مطابق 69 سالہ میرس، جنہوں نے فروری میں اپنی قدامت پسند جماعت کو وفاقی انتخابات میں فتح دلائی اور وسط بائیں بازو کی سوشل ڈیموکریٹس (ایس پی ڈی) کے ساتھ اتحادی معاہدے پر دستخط کیے تھے، نے خفیہ رائے شماری میں 325 ووٹ حاصل کیے، یہ تعداد مطلق اکثریت کے لیے درکار ووٹوں سے 9 ووٹ زیادہ تھی۔

فریڈرش میرس نے پہلے مرحلے کی ووٹنگ میں 310 ووٹ حاصل کیے تھے، جس کا مطلب ہے کہ کم از کم 18 اتحادی قانون سازوں نے ان کی حمایت نہیں کی۔

ووٹنگ کے بعد، فریڈرش میرس صدر فرانک والٹر اسٹین مائر سے ملاقات کے لیے ان کی رہائش گاہ بیلیوی پیلس گئے جہاں صدر کی جانب سے انہیں باضابطہ طور پر چانسلر نامزد کیا گیا۔

اس ملاقات کے بعد فریڈرش میرس برلن کے قلب میں واقع تاریخی ریخسٹاگ کی عمارت میں واپس آئے جہاں انہوں نے دوسری جنگ عظیم کے خاتمے کے بعد جرمنی کے دسویں چانسلر کے طور پر حلف اٹھایا۔

فریڈرش میرس پر ، اپنی لیڈرشپ دکھانے کے لیے شدید دباؤ ہے، کیونکہ نومبر میں سبکدوش ہونے والے ایس پی ڈی چانسلر اولاف شولز کے تین طرفہ اتحاد کے خاتمے کے بعد یورپ کے مرکز میں ایک سیاسی خلا پیدا ہو گیا ہے اور اسے متعدد بحرانوں کا سامنا ہے۔

جرمن مارشل فنڈ آف دی یونائیٹڈ اسٹیٹس کی سدھا ڈیوڈ-ولپ نے کہا، ’ لوگ طویل عرصے سے جرمنی سے قیادت کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں، اور اب اس مطالبے پر توجہ نہ دینے کی مزید گنجائش نہیں ہے۔’

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے وسیع درآمدی محصولات کی وجہ سے شروع ہونے والی عالمی تجارتی جنگ یورپ کی سب سے بڑی معیشت کو مسلسل تیسرے سال مندی کے خطرے سےدوچار کررہی ہے، جسے 2022 میں یوکرین پر روس کے حملے کے بعد سستی روسی گیس سے محرومی اور چین سے بڑھتی ہوئی دشمنی سے نمٹنا پڑا ہے۔

دریں اثنا، ٹرمپ نے نیٹو اتحاد کی مدد نہ کرنے کی دھمکی دی ہے، جس نے امریکا و کینیڈا اور یورپ کے درمیان تعلقات کے حامی فریڈرش میرس کو بھی امریکا کے قابل اعتماد اتحادی پر سوال اٹھانے اور یورپ کو اپنی دفاعی صلاحیت کو بہتر بنانے کی ترغیب دینے پر مجبور کردیا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 25 دسمبر 2025
کارٹون : 24 دسمبر 2025