امبر ہرڈ کے ہاں جڑواں بچوں کی پیدائش، ایلون مسک کے والد ہونے کی افواہیں
ہولی وڈ اداکارہ 39 سالہ امبر ہرڈ نے اپنے ہاں جڑواں بچوں کی پیدائش کی تصدیق کردی، جس کے بعد مغربی میڈیا اور سوشل میڈیا میں افواہیں ہیں کہ ان کے بچوں کے والد ایلون مسک ہیں۔
امبر ہرڈ نے 11 مئی کو مدرز ڈے پر اپنے ہاں جڑواں بچوں کی تصدیق کی اور بتایا کہ ان کےہاں بیٹی (Agnes) اور بیٹے (Ocean) کی پیدائش ہوئی ہے اور ان کی پہلی چار سالہ بیٹی (Oonagh) اپنی بہن اور بھائی کی پیدائش پر بہت خوش ہے۔
انہوں نے اپنے ہاں بچوں کی پیدائش پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اپنے خاندان کو مکمل بھی قرار دیا۔
اگرچہ انہوں نے اپنے ہاں جڑواں بچوں کی پیدائش کی تصدیق کی، تاہم انہوں نے ان کے والد سمیت ان کی پیدائش کے حوالے سے مزید کوئی معلومات فراہم نہیں کی۔
امریکی میگزین ’پیپلز‘ کے مطابق امبر ہرڈ نے دسمبر 2024 میں بتایا تھا کہ ان کے ہاں بچے کی پیدائش متوقع ہے اور وہ 2023 میں یورپی ملک اسپین منتقل ہوگئی تھیں۔
میگزین کے مطابق اداکارہ نے اپنے ہاں پیدا ہونے والے بچوں کے والد سے متعلق کوئی معلومات فراہم نہیں کی، ان کے ہاں پہلی بیٹی کی پیدائش 2021 میں ہوئی تھی۔
امبر ہرڈ سابق شوہر جونی ڈیپ کے ساتھ تشدد اور دیگر قانونی مقدمات کی جنگ ختم ہونے کے بعد اسکرین اور شوبز سے دور ہیں۔
امبر ہرڈ اور جونی ڈیپ کے درمیان چند سال تک عدالتی جنگ جاری رہی، جس میں عدالتوں نے جونی ڈیپ کے حق میں فیصلہ دیا تھا اور بعد ازاں دونوں نے تصفیہ کرلیا تھا۔
دونوں نے 2015 میں شادی کی تھی اور 2016 میں اداکارہ نے شوہر پر تشدد کے الزامات عائد کرتے ہوئے ان سے علیحدگی اختیار کرلی تھی، دونوں کی عمر میں 20 سال سے زائد کا فرق تھا۔
جونی ڈیپ سے قبل امبر ہرڈ کے ارب پتی ایلون مسک سے بھی تعلقات رہے تھے اور مبینہ طور پر دونوں کے درمیان اس وقت بھی تعلقات تھے جب اداکارہ جونی ڈیپ کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک تھیں۔
امبر ہرڈ اور ایلون مسک نے بھی 2017 میں تعلقات ختم کردیے تھے، تاہم ممکنہ طور پر دونوں نے تعلقات میں رہنے کے دوران ’ان وائٹرو فرٹیلیٹی‘ (آئی وی ایف) کے ذریعے اپنے اسپرم اور انڈوں کو محفوظ کرواکر جنین بنوائے تھے لیکن مذکورہ جنین کو محفوظ کروادیا تھا۔
برطانوی اخبار ’آئی بی ٹائمز‘ کے مطابق دونوں کے درمیان محفوظ کروائے گئے جنین سے متعلق قانونی جنگ بھی جاری رہی، ایلون مسک کی خواہش تھی کہ جنین کو حذف کروایا جائے جب کہ امبر ہرڈ مستقبل میں جنین سے بچے چاہتی تھیں۔
اور اب اداکارہ نے اپنے ہاں جڑواں بچوں کی پیدائش کی تصدیق کردی، جس کے بعد مغربی میڈیا اور سوشل میڈیا میں چہ مگوئیاں ہیں کہ اداکارہ کے بچوں کے والد ایلون مسک ہی ہیں۔
ممکنہ طور پر امبر ہرڈ نے آئی وی ایف کے بعد ’سروگیسی‘ یعنی کرائے کی کوکھ کے ذریعے بچوں کو جنم دیا ہوگا، تاہم اس حوالے سے تصدیقی طور پر کچھ نہیں کہا جا سکتا۔
کرائے کی کوکھ کے ذریعے خواتین اپنے جنین کو دوسری خواتین کے بچے دانی میں داخل کرواکر ان سے بچوں کو جنم دلواتی ہیں اور انہیں اس عمل کا معاوضہ فراہم کرتی ہیں۔
اگر امبر ہرڈ کے ہاں پیدا ہونے والے مذکورہ دونوں بچوں کے والد بھی ایلون مسک ہوں گے تو ان کے بچوں کی تعداد 16 ہوجائے گی۔
مارچ 2025 میں ایلون مسک ٹیلی پیتھی میڈیکل ڈیوائس کمپنی ’نیورالنک‘ میں اعلیٰ عہدے پر فائز شون زلس (Shivon Zilis) نے ایلون مسک کے بچے کو جنم دینے کی تصدیق کی تھی۔
مذکورہ خاتون سے ایلون مسک کو پہلے بھی تین بچے تھے اور مارچ میں چوتھے بچے کو جنم دینے کے بعد ایلون مسک کے بچوں کی مجموعی تعداد 14 ہوگئی تھی اور اب اگر امبر ہرڈ کے بچوں کے والد بھی وہ ہوں گے تو ان کے بچوں کی تعداد 16 ہوجائے گی۔












لائیو ٹی وی