لاہور : ذہنی معذور لڑکی کو مبینہ اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنانے والے ملزمان گرفتار

شائع May 20, 2025
فائل فوٹو
فائل فوٹو

پولیس نے لاہور میں 14 سالہ ذہنی معذور لڑکی کو مبینہ طور پر اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنانے میں ملوث چار ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

اس مقدمے کی آج درج کی گئی پہلی معلوماتی رپورٹ (ایف آئی آر)، جس کی نقل ڈان ڈاٹ کام کے پاس دستیاب ہے، کے مطابق، 14 سالہ متاثرہ لڑکی کو 9 مئی کو ایک مسجد کے واش روم میں لے جایا گیا جہاں چار ملزمان نے مبینہ طور پر اس کی عصمت دری کی۔

ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ ’ ملزمان نے ذہنی طور پر معذور لڑکی کو دھمکی دی کہ اگر اس نے کسی کو واقعے کے بارے میں بتایا تو وہ اسے قتل کر دیں گے،’ ملزمان بعد میں لڑکی کو اس کے گھر کے باہر چھوڑ گئے۔

مدعی کے مطابق، واقعہ کے بعد سے لڑکی پریشان اور خوفزدہ تھی، بالآخر اس نے ایک دن پہلے اپنے والدین کو واقعات بتائے۔

پنجاب پولیس نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں بتایا کہ شکایت پر کارروائی کی گئی اور چاروں ملزمان کو پولیس نے اپنی تحویل میں لے لیا۔

دریں اثنا پراسیکیوٹر جنرل پنجاب، سید فرہاد علی شاہ نے اس واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے تفتیشی افسر کو 22 مئی کو ریکارڈ کے ساتھ طلب کرلیا ہے۔

صوبائی پراسیکیوٹر جنرل نے اس کیس کو ’ انتہائی ہائی پروفائل’ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملزمان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

سید فرہاد علی شاہ نے کہا کہ کیس کی پیروی کے لیے ایک خصوصی پراسیکیوشن ٹیم تعینات کی جائے گی۔

کارٹون

کارٹون : 17 جون 2025
کارٹون : 16 جون 2025