وزیراعظم کا مصر کے صدر سے ٹیلی فونک رابطہ،علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال

شائع May 20, 2025
فائل فوٹو
فائل فوٹو

وزیر اعظم شہباز شریف کی مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی سے ٹیلی فون پر گفتگو، علاقائی اور عالمی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی سے ٹیلی فونک بات چیت میں وزیراعظم شہباز شریف نے ملک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا بہادری سے دفاع کرنے پر پاکستان کی بہادر مسلح افواج کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور اس بات پر زور دیا کہ پاکستان علاقائی امن کے مفاد میں بھارت کے ساتھ جنگ ​​بندی مفاہمت کو برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔

انہوں نے مصری صدر کی توجہ سندھ طاس معاہدے کی اہمیت کی طرف بھی مبذول کرائی اور کہا کہ اس معاہدے کو مؤخر کرنے کی بھارتی دھمکی پاکستان کے لیے سرخ لکیر ہے۔

دونوں رہنماؤں نے مشرق وسطیٰ میں ہونے والی پیش رفت بالخصوص غزہ کی تشویشناک صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

وزیر اعظم نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ غزہ کے لوگوں کو درکار انسانی امداد کی مسلسل اور بروقت فراہمی کو یقینی بنائے، انہوں نے یہ بھی امید ظاہر کی کہ آئندہ ماہ دو ریاستی حل پر ہونے والی اقوام متحدہ کی کانفرنس کے بامعنی نتائج برآمد ہوں گے۔

پاکستان مصر تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم نے دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کی ضرورت کو اجاگر کیا۔

صدر السیسی نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی مفاہمت کا خیر مقدم کرتے ہوئے جنوبی ایشیا میں پائیدار امن اور استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔

انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ مصر پاکستان کے ساتھ تمام شعبوں میں مضبوط تعلقات کا خواہاں ہے، انہوں نے غزہ میں انسانی امداد بھیجنے پر پاکستان کو سراہا۔

وزیراعظم نے مصری صدر کو پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت دی جسے مصری صدر نے قبول کرلیا۔

کارٹون

کارٹون : 17 جون 2025
کارٹون : 16 جون 2025