سعودی عرب نے حجاج کرام کی صحت کی دیکھ بھال کیلئے ’صحت آگاہی کٹ‘ متعارف کرا دی
سعودی عرب کی وزارت صحت نے عازمین حج کی صحت اور فلاح و بہبود کو فروغ دینے کیلئے ضروری معلومات پر مشتمل صحت آگاہی کٹ (ہیلتھ اویئرنیس کٹ) متعارف کروا دی، جس میں ایک کٹ اردو زبان میں بھی شامل ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق سعودی وزارت صحت نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ یہ کٹ آٹھ زبانوں میں دستیاب ہے، پوسٹ میں کہا گیا ہے کہ’ ہم تمام زبانوں میں حجاج کرام کی صحت کا خیال رکھتے ہیں، عازمین حج صحت اور فلاح و بہبود کو فروغ دینے کے لیے صحت آگاہی کٹ کا مطالعہ کریں۔’
اس کثیر لسانی کٹ میں حجاج کرام کے لیے ضروری معلومات شامل ہیں، جیسے گرمی سے متعلقہ بیماریوں سے بچاؤ اور شدید حالات میں صحت کا انتظام، مطلوبہ ویکسینیشن (گردن توڑ بخار، کووڈ-19، پولیو اور زرد بخار)، دائمی بیماریوں کا انتظام، اور حج کے دوران مفت صحت کی خدمات تک رسائی، کٹ میں مختصر ویڈیوز، سوشل میڈیا مواد، اور پرنٹ کے قابل پوسٹر بھی شامل ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان اور سعودی عرب نے جنوری میں سالانہ حج معاہدے پر دستخط کیے تھے، جس کے تحت اس سال 179210 پاکستانی عازمین حج ادا کریں گے۔
اطّلع على الحقيبة الصحية التوعوية بـ8 لغات؛ لتعزيز وعيك الصحي، ولحجّ ميسر ومطمئن.#حج_بصحة
— وزارة الصحة السعودية (@SaudiMOH) May 15, 2025
In all languages, we care about pilgrims' health.
Explore the health awareness kit to promote health and well-being among pilgrims.
Translated into 8 Languages
29 اپریل کو حج مشن کا آغاز ہونے کے بعد سے ہفتے کے روز تک، سرکاری اسکیم کے تحت 38229 پاکستانی عازمین حج سعودی عرب (مدینہ اور مکہ) پہنچ چکے تھے۔
رواں ماہ کے اوائل میں، سعودی حکومت نے عازمین کے لیے اضافی سہولیات متعارف کروائی تھیں جیسے کہ منیٰ میں ایئر کنڈیشنڈ خیمے، خاندان کی گنجائش کے مطابق رہائش، بہتر سامان کا نظام اور اعلیٰ معیار کی نقل و حمل وغیرہ۔
حجاج کرام کی صحت اور فلاح و بہبود کے تحفظ کے لیے، تقریباً 400 طبی اور نیم طبی افسران کو مخصوص صحت کی دیکھ بھال کی سہولیات پر تعینات کیا جائے گا، ان میں مکہ میں جدید سہولیات سے لیس ہسپتال اور نو ڈسپنسریاں، اس کے ساتھ ساتھ مدینہ میں ایک ہسپتال اور دو ڈسپنسریاں شامل ہیں۔