اسٹار جیولن تھروور ارشد ندیم ایک اور گولڈ میڈل کے حصول کیلئے تیار

شائع May 22, 2025
— فوٹو: اے ایف پی
— فوٹو: اے ایف پی

پاکستان کے اسٹار جیولن تھروور ارشد ندیم 10 ماہ بعد ایشین ایتھلیٹیکس چمپئین شپ میں گولڈ میڈل کے حصول کے لیے تیار ہیں۔

ڈان نیوز کے مطابق پیرس اولمپکس میں پاکستان کا سر فخر سے بلند کرنے والے جیولن تھروور ارشد ندیم نے ایشین ایتھلیٹیکس چمپئین شپ کے لیے تیاری مکمل کرلی۔

ارشد ندیم ایشین ایتھلیٹکس چمپئین شپ میں شرکت کے لیے آج کوریا روانہ ہوں گے، جہاں وہ نیا ریکارڈ بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔

ایونٹ کے لیے اسٹار جیولن تھروور نے کوچ سلمان بٹ کی زیرنگرانی 5 ماہ میں اپنی ٹریننگ مکمل کی۔

اس موقع پر اولمپئین ارشد ندیم کا کہنا تھا کہ بھارتی کھلاڑی نیرج چوپڑا نے 90 میٹر کی تھرو کی ہے جس کا کوئی پریشر نہیں، میرا مقابلہ اپنے آپ سے ہے، میں اپنی تھرو کرنا چاہتا ہوں اور ایونٹ میں اچھی کاکردگی کے لیے پرامید ہوں۔

انہوں نے کہا کہ اولمپکس کے بعد پہلا بڑا ایونٹ ہے، ایشین چیمپئن شپ 27 سے 31 مئی تک کوریا میں ہوگی لیکن میرا ایونٹ 31 مئی کو ہے قوم کی دعاؤں اور محنت سے ٹائٹل جیتنے کے لیے پرعزم ہوں۔

ارشد ندیم کے کوچ سلمان بٹ نے کہا کہ ٹریننگ بھرپور کی ہے، نتائج بھی اچھے ملیں گے۔

واضح رہے کہ پیرس اولمپکس میں جیولین تھرو کے مقابلوں میں پاکستان کے ارشد ندیم نے تاریخ رقم کرتے ہوئے اولمپک کی تاریخ کی سب سے بڑی 92.97 میٹر کی تھرو کرتے ہوئے پاکستان کو 40 سال بعد اولمپک میں گولڈ میڈل جتوایا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 26 جون 2025
کارٹون : 25 جون 2025