نائب وزیراعظم اسحٰق دار کا سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان سے ٹیلیفونک رابطہ
نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحٰق ڈار کے سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے ٹیلی فونک رابطے میں دونوں رہنماؤں کے درمیان علاقائی صورتحال کی پیشرفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ڈان نیوز کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحٰق ڈار نے سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے ٹیلی فونک رابطہ کیا، اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان برادرانہ تعلقات کا جائزہ لیا۔
گفتگو کے دوران مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا، دونوں رہنماؤں کے درمیان علاقائی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
واضح رہے کہ پہلگام میں فالس فلیگ آپریشن کے بعد بھارت کی پاکستان پر جارحیت اور پاکستان کی جوابی کارروائی کے طور پر کیے گئے آپریشن ’بنیان مرصوص‘ کے بعد دونوں ملکوں میں کشیدگی عروج پر پہنچ گئی تھی۔
اس موقع پر امریکا اور برطانیہ کے ساتھ ساتھ سعودی عرب نے بھی کشیدگی میں کمی لانے اور جنگ بندی کی کوششوں میں اہم کردار ادا کیا تھا۔