پی ایس ایل سیزن 10 کا سنسنی خیز فائنل آج کھیلا جائے گا، صدر زرداری کی شرکت متوقع
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 10 کا فائنل آج لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں قلندرز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان کھیلا جائے گا، صدرِ مملکت آصف علی زرداری بطور مہمان خصوصی میچ دیکھنے کے لیے لاہور پہنچ گئے۔
ڈان نیوز کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پی ایس ایل 10 کے فائنل کو پاکستان نیوی کے نام کر دیا ہے، میچ کے دوران پاکستان نیوی کو خراجِ تحسین پیش کیا جائے گا، اس سے قبل پی ایس ایل کے میچز کے دوران پاکستان آرمی اور پاکستان ایئر فورس کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا جا چکا ہے۔
فائنل سے قبل دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے ٹرافی کے ساتھ فوٹو سیشن کروایا، تاہم گزشتہ روز بارش کے باعث پریس کانفرنس منعقد نہ ہو سکی۔
واضح رہے کہ رواں سیزن میں دونوں ٹیمیں دو بار آمنے سامنے آچکی ہیں، پہلے میچ میں لاہور قلندرز نے 79 رنز سے فتح اپنے نام کی جبکہ دوسرا میچ بارش کے باعث منسوخ ہوگیا تھا۔
مجموعی طور پر دونوں ٹیموں کے درمیان پاکستان سپر لیگ میں 19 میچز کھیلے جاچکے ہیں جن میں9 بار لاہور قلندرز اور 9 ہی بار کوئٹہ گلیڈی ایٹرز فاتح رہی جبکہ ایک میچ بے نتیجہ رہا۔
پی سی بی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اگر آج کا میچ بارش کے باعث مکمل نہ ہو سکا تو فائنل پیر کے روز کھیلا جائے گا۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری گزشتہ شب اسلام آباد سے لاہور پہنچے، جہاں وہ پی ایس ایل کے فائنل میچ میں شرکت کے ساتھ ساتھ پنجاب پیپلز پارٹی کے رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی کریں گے، صدر زرداری لاہور میں تین روز قیام کے بعد واپس اسلام آباد روانہ ہوں گے۔











لائیو ٹی وی