چیئرمین پی ٹی اے ایمل ولی سے معذرت کیلئے باچا خان مرکز پہنچ گئے
پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن (پی ٹی اے) کے چیئرمین میجر جنرل (ریٹائرڈ) حفیظ الرحمٰن قائمہ کمیٹی میں عوامی نیشنل پارٹی (صدر) ایمل ولی سے تلخ کلامی پر معذرت کے لیے پشاور میں باچا خان مرکز پہنچ گئے۔
ڈان نیوز کے مطابق چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل ریٹائرڈ حفیظ الرحمٰن جرگہ لیکر باچا خان مرکز پہنچے، اے این پی سربراہ ایمل ولی خان نے ان کا استقبال کیا۔
اس موقع پر ایمل ولی خان کا کہنا تھا کہ سب سے بڑی بات یہ ہے کہ چیئرمین صاحب خود آئے، سب کدورتیں ختم ہوگئیں اور تحریک استحقاق واپس لے لوں گا۔
اے این پی کے صدر نے کہا کہ باچا خان مرکز پشتونوں کا گھر ہے یہاں آنے پر خوش آمدید کہتے ہیں، یہ ایک حادثہ تھا پشتون قوم تو سر کے دشمن کو بھی معاف کردیتے ہیں۔
واضح رہے کہ عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ سینیٹر ایمل ولی خان پر چیئرمین پی ٹی اے حفیظ الرحمٰن نے چرس کا سگریٹ پینے کا الزام عائد کردیا تھا جس پر دونوں کے درمیان شدید تلخ کلامی ہوئی تھی۔
کمیٹی اجلاس کے دوران چیئرمین پی ٹی اے نے طنزاً سینیٹر ایمل ولی خان سے کہا تھا ’مجھے بھی چرس کا سگریٹ دیں‘ اس پر سینیٹر ایمل ولی خان بھڑک اٹھے تھے، ان کا کہنا تھا کہ ایک سرکاری افسر کا یہ انداز بالکل قابل قبول نہیں، آپ کو یہ جرات کس نے دی ہے کہ ایسے بات کریں۔
اس پر چیئرمین پی ٹی اے نے اپنی غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے سینیٹر ایمل ولی خان سے معافی مانگ لی۔
بعدازاں، سینیٹر ایمل ولی خان نے قائمہ کمیٹی سے چیئرمین پی ٹی اے کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا تھا، جس پر چیئرمین قائمہ کمیٹی نے چیئرمین پی ٹی اے کی بدتمیزی کا معاملہ وزیراعظم کے سامنے اٹھانے کا فیصلہ کیا تھا اور سیکریٹری آئی ٹی کو بھی معاملے نوٹس لینے کی ہدایت کی تھی۔
سینیٹر ایمل ولی خان نے چیئرمین پی ٹی اے کے خلاف سینیٹ میں تحریک استحقاق پیش کرنے کا اعلان کرتے ہوئے ان سے مستعفی ہونے کا بھی مطالبہ کیا تھا۔












لائیو ٹی وی