شیخوپورہ: تیز رفتار ڈمپر نے موٹرسائیکل سواروں کو کچل دیا، ماں بیٹی جاں بحق، باپ بیٹا زخمی
شیخوپورہ میں لاہور روڈ پر تیز رفتار ڈمپر نے موٹرسائیکل سواروں کو کچل دیا، حادثے میں ماں بیٹی جاں بحق، جب کہ باپ اور بیٹا زخمی ہوگئے۔
ڈان نیوز کے مطابق شیخوپورہ میں افسوسناک حادثہ پیش آیا ہے، جہاں لاہور روڈ پر قلعہ ستار شاہ کے قریب ڈمپر نے موٹرسائیکل سواروں کو کچل دیا، حادثے کے نتیجے میں ماں اور اس کی بیٹی جان کی بازی ہار گئے، جب کہ باپ اور بیٹا زخمی ہوگئے۔
مرنے والوں میں 30 سالہ شازیہ اور 9 سالہ ثنا شامل ہیں، جو حادثے کے بعد موقع پر ہی دم توڑ گئیں، ریسکیو 1122 نے لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا۔
پولیس نے موقع پر پہنچ کر تفتیش شروع کر دی۔
واضح رہے کہ 14 مئی کو لاہور میں خوفناک ٹریفک حادثے میں 5 افراد جاں بحق ہوگئے تھے، جب ڈمپر نے 3 رکشوں اور 2 موٹرسائیکلوں کو روند ڈالا تھا، حادثے میں 4 افراد شدید زخمی بھی ہوئے تھے۔
یہ حادثہ باغبان پورہ میں تیز رفتار ڈمپر کی 3 رکشوں اور 2 موٹرسائیکلوں کو ٹکر کی وجہ سے پیش آیا تھا۔
ریسکیو حکام کے مطابق حادثہ ڈمپر کے بریک فیل ہونے کے باعث پیش آیا تھا، حادثے کے بعد تیز رفتار ڈمپر الٹ گیا تھا جب کہ ایک رکشہ مکمل طور پر تباہ ہوگیا، حادثے کے بعد لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا تھا۔












لائیو ٹی وی