پنجاب میں یوم تکبیر منانے کیلئے کل اسکول کھلے رکھنے کا اعلان
حکومت پنجاب نے یوم تکبیر پر کل (28 مئی) صوبے بھر میں اسکول کھلے رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس موقع پر خصوصی پروگراموں کا اہتمام کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ یوم تکبیر 28 مئی کو اس تاریخی دن کے طور پر منایا جاتا ہے، جب پاکستان ایٹمی طاقت بنا تھا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے گزشتہ سال یوم تکبیر کے موقع پر ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا تھا، 1998 میں اس دن بلوچستان کے علاقے چاغی کی پہاڑیوں میں ایٹمی تجربات کیے تھے، جس کے بعد پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہو گیا ہے۔
محکمہ اسکول ایجوکیشن نے تمام ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز کو خط ارسال کر دیا، جس میں کہا گیا ہے کہ کل تعلیمی اداروں میں خصوصی پروگرام منعقد کیے جائیں گے اور اس دن کو ’امن اور ہمت کے لیے مثبت سماجی پیغام‘ کے ساتھ منایا جائے گا۔
خط میں مزید کہا گیا ہے کہ 28 مئی ایک اہم دن اور قوم کی تاریخ میں سنگ میل ہے، جو طاقت، مزاحمت اور تکنیکی ترقی کی علامت ہے۔
اس میں کہا گیا ہے کہ تمام اسکولوں میں خصوصی پروگرام منعقد ہوں گے، جس میں قومی ترانے اور دعاؤں سمیت دیگر سرگرمیاں ہوں گی اور پاک فوج کو خراج تحسین پیش کیا جائے گا۔
مزید کہا گیا کہ تمام اسکولوں میں یوم تکبیر کی اہمیت، پاکستان کا ایٹمی طاقت بننے کا سفر اور قومی سلامتی و حب الوطنی کے عنوان پر تقریری مقابلے ہوں گے، اس کے علاوہ وہ آرٹس اور پوسٹرز کے ساتھ ساتھ قومی گیتوں کے مقابلوں کا بھی اہتمام کریں گے۔
یہ مقابلے پنجاب بھر کے تمام سرکاری اسکولوں میں ضلعی سطح پر منعقد ہوں گے، ضلعی سطح پر ہر کیٹیگری میں جیتنے والے کو 50 ہزار روپے کا انعام دیا جائے گا۔
محکمہ نے تمام اسکولوں پر زور دیا ہے کہ وہ اس دن کو منانے کے لیے ان سرگرمیوں اور مقابلوں میں حصہ لیں۔
محکمہ تعلیم نے مزید کہا کہ طلبہ اور عملہ پاکستان کی بہتری، امن اور سائنسی ترقی کے لیے کام کرنے کا عہد کریں گے۔
تقریب کے اختتام پر گرمیوں کی تعطیلات کا اعلان کیا جائے گا۔