ڈان میڈیا کا ’بریتھ پاکستان انٹرنیشنل کلائمٹ چینج کانفرنس‘ کے دوسرے ایڈیشن کا اعلان

شائع June 1, 2025
بریتھ پاکستان 2026 کانفرنس میں عالمی اور مقامی رہنما قابلِ عمل حل تلاش کرنے کیلئے اکٹھے ہوں گے
—فوٹو: ڈان
بریتھ پاکستان 2026 کانفرنس میں عالمی اور مقامی رہنما قابلِ عمل حل تلاش کرنے کیلئے اکٹھے ہوں گے —فوٹو: ڈان

ڈان میڈیا نے اعلان کیا ہے کہ اپنی پہلی کانفرنس کی کامیابی کے بعد ’بریتھ پاکستان انٹرنیشنل کلائمٹ چینج کانفرنس‘ کا دوسرا ایڈیشن 15 اور 16 اپریل 2026 کو منعقد کیا جائے گا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق پہلا ایڈیشن ماحولیاتی تبدیلیوں کے اہم چیلنجز ، جیسے ماحولیاتی انصاف اور مالیاتی نظام، قابلِ تجدید توانائی کی منتقلی، آفات کے خطرات میں کمی، اور جامع عوامی و نجی شراکت داریوں پر قومی مکالمے اور عالمی تعاون کو فروغ دینے کا باعث بنا تھا۔

ایک پریس ریلیز کے مطابق، اس کانفرنس کے پہلے ایڈیشن میں احتساب، میڈیا کے کردار، خواتین اور چھوٹے کسانوں کے بااختیار بنانے کو ماحولیاتی لچک پیدا کرنے میں کلیدی حیثیت دی گئی تھی۔

پاکستان ماحولیاتی تبدیلی کے تباہ کن اثرات کے سامنے نہایت کمزور ہے، جہاں شدید گرمی کی لہر، تباہ کن ژالہ باری اور آندھیاں، پانی کی قلت، اور دیگر انتہاپسند موسمی واقعات زندگیاں، انفرا اسٹرکچر اور روزگار خطرے میں ڈال رہے ہیں۔

ماحولیاتی چیلنجوں میں شدت کے ساتھ، ڈان میڈیا اس اہم مسئلے کو اجاگر کرنے کے لیے درج ذیل طریقوں سے اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔

آگاہی پیدا کرنا

پانی کی قلت، فضائی آلودگی، اور جنگلات کی کٹائی جیسے اہم مسائل پر عوامی آگاہی بڑھانا تاکہ ماحولیاتی تبدیلی کے خلاف عوامی ردِعمل کو متحرک کیا جا سکے۔

مؤثر صحافت

تفصیلی مضامین، ڈاکومنٹریز، پوڈکاسٹس، ٹی وی/ریڈیو وضاحتوں کے ذریعے ماحولیاتی گفتگو کو مرکزِ توجہ بنائے رکھنا۔

بچوں کی شمولیت

درخت لگانے، ری سائیکلنگ، اور پانی کے تحفظ سے متعلق کہانیوں اور سرگرمیوں کے ذریعے بچوں کو ماحولیاتی گفتگو میں شامل کرنا تاکہ ایک پائیدار سوچ پروان چڑھ سکے۔

حکمتِ عملی پر مبنی اشتراک

سرکاری اور نجی شعبوں کے ساتھ ساتھ حکومتی اداروں سے مضبوط شراکتیں قائم کرنا تاکہ ماحولیاتی تبدیلی کے خلاف تحریک کو جاری رکھا جا سکے اور عملی تبدیلی لائی جا سکے۔

ڈان میڈیا کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ماحولیاتی تبدیلی کے خلاف جدوجہد جاری رکھنا ہوگی، آگاہی، تعلیم، اور اشتراک کے ذریعے ہم ایک پائیدار مستقبل کی راہ ہموار کر سکتے ہیں۔

بریتھ پاکستان 2026 کانفرنس ان کوششوں کو مزید تقویت دے گی، جہاں عالمی اور مقامی رہنما قابلِ عمل حل تلاش کرنے کے لیے اکٹھے ہوں گے۔

موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے لیے ڈان میڈیا گروپ کی مہم بریتھ پاکستان کا حصہ بنیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 جون 2025
کارٹون : 22 جون 2025