• KHI: Sunny 17.2°C
  • LHR: Partly Cloudy 10.7°C
  • ISB: Partly Cloudy 10.3°C
  • KHI: Sunny 17.2°C
  • LHR: Partly Cloudy 10.7°C
  • ISB: Partly Cloudy 10.3°C

پنجاب: پی پی 52 میں ضمنی الیکشن میں پیپلزپارٹی کا دھاندلی کا الزام

شائع June 1, 2025
—فائل فوٹو: اے پی
—فائل فوٹو: اے پی

پنجاب اسمبلی کے حلقہ حلقہ پی پی 52 سیالکوٹ پر ضمنی انتخاب کے دوران پاکستان پیپلزپارٹی کی جانب سے دھاندلی کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق پی پی 52 سمبڑیال میں خفیہ ووٹ کی خلاف ورزی سامنے آئی ہے، ووٹر نے بیلٹ پیپر پر مہر لگانے کے بعد تصویر سوشل میڈیا پر وائرل کر دی، بیلٹ پیپر کی تصویر لینا غیر قانونی عمل ہے، الیکشن کمیشن انتخابی قواعد کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی کرنے میں ناکام ہوگیا ہے۔

پیپلز پارٹی کا (ن) لیگ پر دھاندلی کا الزام

پاکستان پیپلزپارٹی ( پی پی پی) نے پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 52 سمبڑیال (سیالکوٹ ) کے ضمنی الیکشن میں مسلم لیگ (ن) پردھاندلی اورغنڈہ گردی کا الزام لگا دیا۔

پیپلزپارٹی وسطی پنجاب کے جنرل سیکریٹری سید حسن مرتضیٰ نے کہا کہ سیالکوٹ میں الیکشن کے دوران کئی چہرے بے نقاب ہو رہے ہیں، اور پیپلز پارٹی پھر سے عروج کی جانب بڑھ رہی ہے۔

سید حسن مرتضیٰ نے کہا کہ ن لیگ کی بدمعاشی کسی صورت قابل قبول نہیں، ن لیگ کو تو شام کو فارم 47 کے ذریعے نتائج ملنے ہوتے ہیں، متراں والی پولنگ اسٹیشن پر سنگین بے ضابطگیاں رپورٹ ہو رہی ہیں اور لیگی کارکن عوام کو ہراساں کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ رینجرز متراں والی پولنگ اسٹیشن پر پہنچ چکی ، صورت حال قابو میں ہے۔

سید حسن مرتضی نے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ سیکیورٹی ادارے الیکشن میں غنڈہ گردی کا نوٹس لیں، جمہوریت دشمن عناصر کو بے نقاب کرتے رہیں گے اور عوام کو لمحہ بہ لمحہ صورتحال سے آگاہ رکھا جائے گا۔

سوشل میڈیا پر دھاندلی کی من گھڑت خبریں

ترجمان الیکشن کمیشن پنجاب نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر دھاندلی اور دیگر الزامات سےمتعلق من گھڑت خبریں گردش کررہی ہیں، مترانوالی پولنگ اسٹیشن کے باہر 2 افراد کے درمیان جھڑپ ہوئی تھی، جس پر پولیس نے قابو پالیا۔

ترجمان نے کہا کہ کسی بھی پولنگ اسٹیشن بشمول بانبانوالی سے پولنگ ایجنٹس کو باہر نہیں نکالا گیا، پولنگ اسٹیشن لوپووالی پرغیر متعلقہ افراد نے زبر دستی داخل ہونے کی کوشش کی جس پرپولنگ 10 منٹ روکی گئی۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے کہا گیا ہے کہ مترانوالی، بانبا نوالی اور لوپووالی پر پولنگ پر امن طریقے سے جاری ہے، عوام الناس جھوٹی، بے بنیاد اور غیر مصدقہ خبروں پر توجہ نہ دیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2025
کارٹون : 21 دسمبر 2025