• KHI: Partly Cloudy 21.1°C
  • LHR: Partly Cloudy 17.3°C
  • ISB: Partly Cloudy 17.3°C
  • KHI: Partly Cloudy 21.1°C
  • LHR: Partly Cloudy 17.3°C
  • ISB: Partly Cloudy 17.3°C

گلوبل واٹر آرگنائزیشن کے آپریشنز کا باضابطہ آغاز

شائع June 1, 2025
گلوبل واٹر آرگنائزیشن کے بانی ممالک نے 28 مئی کو ریاض میں افتتاحی اجلاس میں شرکت کی۔ فوٹو: سعودی پریس ایجنسی
گلوبل واٹر آرگنائزیشن کے بانی ممالک نے 28 مئی کو ریاض میں افتتاحی اجلاس میں شرکت کی۔ فوٹو: سعودی پریس ایجنسی

گلوبل واٹر آرگنائزیشن (جی ڈبلیو او ) نے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں واقع ہیڈکوارٹر سے باضابطہ طور پر اپنے آپریشنز کا آغاز کردیا، پاکستان بھی اس تنظیم کے چارٹر پر دستخط کرکے اس کے بانی ارکان میں شامل ہے۔

جی ڈبلیو او کے آپریشنز کے باضابطہ آغاز کی افتتاحی تقریب میں وفاقی وزیر برائے آبی وسائل، میاں محمد معین وٹو نے سعودی عرب کے وزیر ماحولیات، پانی اور زراعت، عبدالرحمٰن بن عبدالمحسن الفضلی کی دعوت پر شرکت کی۔

گلوبل واٹر آرگنائزیشن، جو سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی قیادت اور سعودی ماحولیات کے وزیر کی سرپرستی میں تشکیل دی گئی ہے، کا مقصد عالمی آبی نظاموں پر بڑھتے ہوئے دباؤ کا تدارک کرنے کے لیے بین الاقوامی تعاون کو بڑھانا ہے، پاکستان کے علاوہ، جی ڈبلیو او کے بانی ممالک میں کویت، قطر، اسپین، یونان، سینیگال اور موریطانیہ شامل ہیں۔

واٹر اینڈ پاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (واپڈا) کی جانب سے اتوار کو جاری کردہ ایک بیان کے مطابق، جی ڈبلیو او کی افتتاحی تقریب ’ عالمی آبی چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے بین الاقوامی تعاون کو فروغ دینے میں ایک اہم سنگ میل تھی۔’

واپڈا کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان نے دیگر بانی اراکین کے ساتھ جی ڈبلیو او چارٹر پر دستخط کیے، تنظیم کے چارٹر میں خاص طور پر خشک اور پانی کی قلت والے علاقوں میں، پانی کی قلت، پائیدار وسائل کے انتظام، اور موسمیاتی لچک پر بین الاقوامی تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے تنظیم کے مشترکہ وژن کا باضابطہ عہد کیا گیا ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ پاکستان نے جی ڈبلیو او کا ایک ذیلی دفتر پاکستان میں قائم کرنے کی پیشکش بھی کی ہے۔

واضح رہے کہ دسمبر 2024 میں، وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی ولی عہد کی جانب سے جی ڈبلیو او کے قیام کے اقدام کو سراہا تھا۔

انہوں نے ریاض میں اقوام متحدہ کی ڈیزرٹیفیکیشن کا مقابلہ کرنے کے کنونشن کے موقع پر منعقدہ ون واٹر سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا، ’ ہمیں اس تنظیم کے بانی اراکین میں سے ایک کے طور پر شامل ہونے پر فخر ہے اور ہم اس کے اہم اہداف کے حصول میں ہر ممکن مدد فراہم کرنے کے منتظر ہیں۔’

سعودی پریس ایجنسی کے مطابق، جی ڈبلیو او کے بانی ممالک نے 28 مئی کو ریاض میں اس تنظیم کےافتتاحی اجلاس میں چارٹر پر دستخط کیے جو عالمی آبی وسائل کی پائیداری حاصل کرنے اور اس اہم شعبے کو درپیش بڑھتے ہوئے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے ایک مشترکہ وژن کو تقویت دیتا ہے۔

چارٹر کے دستخط کنندگان پانی کے شعبے کو درپیش بڑھتے ہوئے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے سماجی، اقتصادی، صحت اور ماحولیاتی ترقی کو فروغ دینے کی کوشش کریں گے تاکہ سب کے لیے پانی اور صفائی تک مساوی رسائی کو یقینی بنایا جا سکے اور پائیدار انتظام حاصل کیا جا سکے۔

چارٹر میں کہا گیا ہے کہ جی ڈبلیو او انسانیت کے سب سے اہم چیلنجوں میں سے ایک سے نمٹنے میں ایک اہم قدم کی نمائندگی کرتی ہے، کیونکہ قلت آب سے دنیا بھر میں اربوں افراد متاثر ہیں اور موسمیاتی تبدیلی عالمی آبی وسائل پر دباؤ میں اضافہ کررہی ہے۔

چارٹر کے دستخط کنندگان نے تنظیم کے مقاصد کو حاصل کرنے کی اہمیت پر زور دیا، جو پانی کے انتظام میں بین الاقوامی تعاون کے لیے ایک نیا سنگ میل ہے، شرکاء نے پانی سے متعلق چیلنجوں کے لیے باہمی تعاون کے حل کو فروغ دینے میں اس اہم اقدام کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

بانی ممالک نے پانی کے وسائل کی پائیداری پر مرکوز ایک متحد اسٹریٹجک وژن اور مشن کو اپنانے کی اہمیت پر زور دیا اور پانی سے متعلق ماحولیاتی اور موسمیاتی چیلنجوں کے عملی حل کی جانب عالمی ترقی کو فروغ دیا۔

یہ معاہدہ رکن ممالک کے درمیان پانی کے وسائل کو مقدار اور معیار دونوں لحاظ سے تحفظ دینے کے لیے بہتر تعاون اور ہم آہنگی قائم کرتا ہے، تاکہ آئندہ نسلوں کے لیے پانی کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔

تنظیم اپنے مقاصد کی حمایت کے لیے غیر رکن ممالک، اقوام متحدہ کی تنظیموں، بین الاقوامی مالیاتی اداروں، اور تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ شراکت داری کو بھی مضبوط بنائے گی۔

موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے لیے ڈان میڈیا گروپ کی مہم بریتھ پاکستان کا حصہ بنیں۔

کارٹون

کارٹون : 15 دسمبر 2025
کارٹون : 14 دسمبر 2025