کراچی: لانڈھی اور ملیر میں ایک بار پھر زلزلے کے جھٹکے
کراچی میں لانڈھی اور ملیر کے قریب آج پھر زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے جارہے ہیں، خوف و ہراس کے باعث شہری کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے مکانات اور عمارتوں سے باہر نکل آئے۔
ڈان نیوز کے مطابق کراچی میں لانڈھی اور ملیر کے قریب آج پھر زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے جارہے ہیں، صبح سے اب تک 2 مرتبہ زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے جاچکے ہیں جبکہ گزشتہ روز سے اب تک محسوس کیے گئے جھٹکوں کی تعداد 5 ہوگئی ہے۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق آج صبح 10 بجکر 42 منٹ پر محسوس کیے گئے زلزلے کے پہلے جھٹکے کی شدت 3.2 اور مرکز قائد آباد کے قریب 10کلومیٹر زیر زمین تھا، زلزلے کے جھٹکے لانڈھی، مل ایریا اور قائد آباد میں بھی محسوس کیے گئے۔
11 بجکر 5 منٹ پر ایک مرتبہ پھر لانڈھی قائدآباد اور ملحقہ علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ کراچی کے مختلف علاقوں میں گزشتہ روز سے اب تک 5 بار زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے جاچکے ہیں۔
گزشتہ روز زلزلے کا پہلا جھٹکا شام7 بجے، دوسرا رات 12 بجکر 30 منٹ اور تیسرا رات ایک بجکر 32 منٹ پر محسوس کیا گیا تھا۔
لانڈھی، مل ایریا، قائد آباد میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے جانے کے بعد مختلف فیکٹریز سے مزدوروں کو باہر نکال لیا گیا، جبکہ رہائشی علاقوں میں بھی لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔












لائیو ٹی وی