ترکیہ میں بھارتی یوٹیوبر بدتمیزی اور خواتین و دکاندار سے توہین آمیز رویے پر گرفتار

شائع June 2, 2025 اپ ڈیٹ June 3, 2025
— فوٹو: این ڈی ٹی وی
— فوٹو: این ڈی ٹی وی

ترکیہ میں بھارتی یوٹیوبر کو ترک خواتین اور مقامی دکاندار سے توہین آمیز رویے پر گرفتار کرلیا گیا ہے۔

بھارتی یوٹیوبر ملک ایس ڈی خان، جو کہ ملک سواش بکل کے نام سے مشہور ہیں، ان دنوں ترکیہ کے دورے پر ہیں اور اس دوران وہاں کے مختلف مقامات کا رخ کر رہے ہیں۔

یوٹیوبر کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیوز میں انہیں ترک خواتین پر جنسی طور پر واضح تبصرے کرتے دیکھا جاسکتا ہے، تاہم عوامی تنقید کے بعد انہوں نے یوٹیوب اور انسٹاگرام اکاؤنٹس کو فی الحال بند کردیا ہے، لیکن کچھ ویڈیوز اب بھی سوشل میڈیا پر زیرگردش ہیں۔

سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں انہیں خواتین کے لیے نامناسب کلمات ادا کرتے سنا جاسکتا ہے اور ساتھ ہی وہ اپنے ساتھ موجود ترک خاتون گائیڈ کے لیے بھی غیر مہذب زبان استعمال کرتے نظر آتے ہیں۔

بعد ازاں ان کی گرفتاری کی وجہ بننے والی ویڈیو ایک ترک دکان کی تھی، جس میں وہ دکاندار سے یہ جاننے کی کوشش کر رہے تھے کہ دکان کے ڈسپلے پر بھارت کا جھنڈا کیوں موجود نہیں۔

ویڈیو میں بھارتی یوٹیوبر جھنڈا نہ ہونے پر دکاندار کے لیے نامناسب الفاظ استعمال کرنا شروع کر دیتے ہیں، جس پر ترکیہ کے حکام نے نوٹس لیتے ہوئے انہیں گرفتار کرلیا۔

یوٹیوبر دکاندار سے بھارتی جھنڈے کا پوچھتا ہے اور جھنڈا نہ ملنے پر کہتا ہے کہ آئندہ وہ دکاندار کے لیے بھارتی جھنڈا لے کر آئے گا، تاہم بعد میں وہ گالیاں دیتے ہوئے اور نازیبا الفاظ استعمال کرتے ہوئے دکان سے باہر چلا جاتا ہے۔

ترک میڈیا کے مطابق، واقعے کی ویڈیو منظرِ عام پر آنے کے بعد ترک پولیس نے مبینہ طور پر نوٹس لیتے ہوئے بھارتی یوٹیوبر کو گرفتار کرکے اس کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کردیا ہے۔

تاہم ترک حکام نے سرکاری طور پر زیر حراست شخص کی شناخت کی تصدیق نہیں کی ہے اور نہ ہی تفتیش کے بارے میں مزید تفصیلات جاری کی ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 21 دسمبر 2025
کارٹون : 20 دسمبر 2025