کراچی: ڈیفنس سے غیر قانونی کرنسی ایکسچینج چلانے میں ملوث 2 ملزمان گرفتار

شائع June 3, 2025
ملزمان سے 2 عدد موبائل فون، 14 ہزار امریکی ڈالر اور ایک لاکھ روپے برآمد کیے گئے — فائل فوٹو: رائٹرز
ملزمان سے 2 عدد موبائل فون، 14 ہزار امریکی ڈالر اور ایک لاکھ روپے برآمد کیے گئے — فائل فوٹو: رائٹرز

کراچی کے علاقے ڈیفنس میں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے اسٹیٹ بینک سرکل نے کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی کرنسی ایکسچینج چلانے میں ملوث 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

ڈان نیوز کے مطابق ترجمان ایف آئی اے نے بتایا کہ چھاپہ مار کارروائی میں 2 ملزمان کو گرفتار کرکے لاکھوں روپے مالیت کی ملکی و غیر ملکی کرنسی برآمد کرلی گئی، گرفتار ملزمان کی شناخت فرحان اور علی رضا کے نام سے ہوئی ہے۔

ایف آئی اے کے چھاپے کے دوران ملزمان سے 2 عدد موبائل فون، 14 ہزار امریکی ڈالر اور ایک لاکھ روپے برآمد کیے گئے، ملزمان کے موبائل فون سے غیر ملکی کرنسی کے تبادلے سے متعلق ڈیجیٹل ثبوت بھی ملے ہیں۔

ملزمان بغیر لائسنس کرنسی ایکسچینج کا کاروبار کر رہے تھے۔

یاد رہے کہ 28 مئی کو ڈیفنس کے خیابان شہباز میں واقع بینک میں وفاقی تحقیقاتی ادارے کے اینٹی کرپشن سرکل نے کارروائی کرکے غیر قانونی کرنسی ایکسچینج چلانے میں ملوث بینک منیجر سمیت 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا تھا۔

ترجمان ایف آئی اے نے بتایا تھا کہ گرفتار ملزمان میں ذیشان عباس اور عبدالکریم شامل ہیں، ملزم ذیشان عباس نجی بینک میں بطور ریلیشن شپ منیجر تعینات تھا۔

چھاپے کے دوران ملزمان سے 9 ہزار امریکی ڈالر برآمد کرلیے گئے، ملزمان کے موبائل فون سے غیر ملکی کرنسی کے تبادلے سے متعلق ڈیجیٹل ثبوت بھی ملے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2025
کارٹون : 22 دسمبر 2025