نیوزی لینڈ کا سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان، 4 نئے کھلاڑیوں میں پہلی بار پاکستانی نژاد بھی شامل

شائع June 3, 2025
— فوٹو: بلیک کیپس /ایکس
— فوٹو: بلیک کیپس /ایکس

نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے 26-2025 کے لیے نئے سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان کردیا جس میں 4 نئے کھلاڑیوں کو بھی شامل کیا گیا جب کہ کیویز کی تاریخ میں پہلی بار پاکستانی نژاد کرکٹر محمد عباس بھی شامل ہیں۔

آئی سی سی کے مطابق نیوزی لینڈ نے نئی کنٹریکٹ لسٹ میں مچ ہے، محمد عباس، زیک فولکس اور آدھی اشوک کو پہلی بار شامل کیا گیا ہے۔

یہ چاروں کھلاڑی گزشتہ 12 مہینوں میں بلیک کیپس کے لیے شاندار کارکردگی دکھانے کے بعد ٹیم میں آئے ہیں، اور امکان ہے کہ وہ جولائی میں زمبابوے کے دورے اور آنے والے ہوم سیزن میں ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے خلاف سیریز میں بھی شامل ہوں گے۔

وکٹ کیپر بلے باز مچ ہے نے رواں سال کے آغاز میں پاکستان کے خلاف ایک ون ڈے میچ میں صرف 78 گیندوں پر ناقابل شکست 99 رنز کی اننگز کھیل کر شہرت حاصل کی تھی۔

آل راؤنڈر محمد عباس نے مارچ میں پاکستان ہی کے خلاف ون ڈے ڈیبیو پر 26 گیندوں پر 52 رنز بناکر ون ڈے ڈیبیو میں تیز ترین ففٹی کا ریکارڈ اپنے نام کیا تھا جب کہ انہوں نے محمد رضوان کو آؤٹ کرکے اپنی پہلے ون ڈے وکٹ بھی حاصل کی تھی۔

فاسٹ باؤلر زیک فولکس نے بھی گزشتہ کیلنڈر سال میں ون ڈے اور ٹی20 ڈیبیو کیا جب کہ لیگ اسپنر آدھی اشوک نے 2025 کے آغاز میں ون ڈے اسکواڈ میں واپسی کی اور اب وہ بھی سینٹرل کنٹریکٹ لسٹ میں شامل ہیں۔

نیوزی لینڈ کرکٹ کے چیف ایگزیکٹو اسکاٹ ویننک کا کہنا ہے کہ یہ انتخاب مستقبل پر نظر رکھتے ہوئے کیے گئے ہیں، اور یہ ہمارے کامیاب پلئیرز ڈویلپمنٹ سسٹم کی عکاسی کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مچ ہے، محمد عباس، زیک فولکس اور آدھی اشوک کے ساتھ کنٹریکٹ ان شاندار ٹیلنٹس کی عکاسی کرتا ہے جو ہمارے سسٹم سے سامنے آ رہے ہیں جب کہ ان کھلاڑیوں نے ثابت کیا ہے کہ وہ اعلیٰ سطح پر مقابلہ کر سکتے ہیں۔

یہ چاروں نئے کھلاڑی ٹم ساؤتھی (ریٹائرڈ)، ایش سودھی، اعجاز پٹیل اور جوش کلارکسن کی جگہ آئے ہیں، جنہیں اس سال کنٹریکٹ کی پیشکش نہیں کی گئی۔

علاوہ ازیں، کین ولیمسن، ڈیون کونوے، فن ایلن، ٹم سیفرٹ اور لاکی فرگوسن کے ساتھ کنٹریکٹ سے متعلق مذاکرات جاری ہیں۔

نیوزی لینڈ سینٹرل کنٹریکٹ لسٹ

محمد عباس، آدھتیا اشوک، ٹام بلنڈل، مائیکل بریسویل، مارک چیپمین، جیکب ڈفی، زیک فولکس، مچ ہے، میٹ ہنری، کائل جیمیسن، ٹام لیتھم، ڈیرل مچل، ہنری نکولس، ولیم او رورک، گلین فلپس، راچن رویندرا، مچل سینٹنر، بین سیئرز، نیتھن اسمتھ، ول یانگ

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2025
کارٹون : 21 دسمبر 2025