فرحان سعید کی آواز میں ’لو گُرُو‘ کا نیا گانا ’ٹوٹ گیا‘ ریلیز
پاکستانی فلم ’لو گُرُو‘ کا نیا رومانوی گانا ’ٹوٹ گیا‘ ریلیز کردیا گیا، جسے معروف گلوکار فرحان سعید نے گایا ہے۔
”ٹوٹ گیا“ ایک جذباتی اور رومانوی گانا ہے، جسے فرحان سعید کے ساتھ یشال شاہد، زین اور زوہیب نے گایا ہے۔
گانے کی کمپوزیشن سعد سلطان نے کی ہے، جب کہ اس کے بول سعد سلطان اور طاہر عباس نے تحریر کیے ہیں۔
گانے کے کچھ مناظر پہلے ہی فلم کے ٹریلر میں شامل تھے، جنہوں نے ناظرین کی توجہ حاصل کی تھی اور اب اس کی مکمل ویڈیو کو بھی شائقین کی جانب سے خوب سراہا جارہا ہے۔
ماہرہ خان اور ہمایوں سعید پر فلمائے گئے اس خوبصورت میوزک ویڈیو کو مداحوں کی بھرپور پذیرائی مل رہی ہے۔
اس سے قبل فلم کا ایک پشتو گانا ’سدا اشنا‘، 31 مئی کو ریلیز کیا گیا تھا، جس کی موسیقی جنید کامران صدیقی اور شانی ارشد نے مشترکہ طور پر ترتیب دی، جب کہ کمپوزیشن اور بول جنید کامران نے تحریر کیے تھے۔
اس سے پہلے، 26 مئی کو فلم کا ایک اور رومانوی گانا ’بے خبریاں‘ ریلیز ہوا تھا، جسے شیراز اپل اور نرمل رائے نے گایا تھا۔
’بے خبریاں‘ سے قبل فلم کا ٹائٹل گانا ’دل توڑن والیا‘ اور اس سے بھی پہلے ’آ تینوں موج کراواں‘ ریلیز کیے گئے تھے۔
فلم ’لو گُرُو‘ کے اب تک کے تمام گانوں کو ناظرین کی جانب سے بھرپور پذیرائی ملی ہے، جب کہ فلم کا ٹریلر بھی مقبول ہوچکا ہے۔
’لو گُرُو‘ کو عید الاضحیٰ سے ایک دن قبل، یعنی 6 جون کو ریلیز کیا جائے گا، فلم میں ماہرہ خان اور ہمایوں سعید مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔
فلم کی کہانی ’لو گُرُو‘ کے گرد گھومتی ہے، جو لندن میں مقیم ایک آرکیٹیکٹ، صوفیہ خان، سے محبت کرنے لگتا ہے۔












لائیو ٹی وی