کراچی: ٹینکر ڈرائیور کی ٹریفک اہلکار کو اغوا کرنے کی کوشش، 3 پولیس اہلکار زخمی
کراچی کے علاقے منگھوپیر میں ایک ٹینکر ڈرائیور نے ٹریفک پولیس افسر کو اغوا کرنے کی کوشش کی، جس کے نتیجے میں ہونے والے تصادم میں تین پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔
غربی پولیس کے ترجمان نبیل احمد راجپوت نے بتایا کہ منگھوپیر تھانے کے علاقے ملک چانڈیو چوک کے قریب ایک ٹینکر کے ڈرائیور نے ٹریفک اہلکار کو اغوا کرنے کی کوشش کی۔
انہوں نے کہا کہ چیک پوائنٹ پر رکنے کے بجائے ٹینکر ڈرائیور نے ٹریفک پولیس اہلکار کو اغوا کرنے کی کوشش کی، جبکہ شور کی وجہ سے قریبی پولیس موبائل نے ٹینکر کا پیچھا کیا۔
بیان میں یہ بھی بتایا گیا کہ مشتعل افراد کے ایک گروپ نے ڈرائیور کے ساتھ مل کر لاٹھیوں اور پتھروں سے حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں تین پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔
پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا، مزید کہا کہ پولیس جائے وقوع پر موجود ہے اور صورتحال قابو میں ہے۔
واضح رہے کہ ہسپتال کے اعداد و شمار کے مطابق شہر قائد میں خاص طور پر بھاری گاڑیوں سے (بشمول ڈمپر اور واٹر ٹینکرز) ٹریفک حادثات میں اضافہ دیکھا گیا ہے، اور 2024 میں تقریباً 500 افراد جاں بحق اور 4 ہزار 879 افراد زخمی ہوئے تھے۔













لائیو ٹی وی