کبھی کبھار بیوی کے پاؤں بھی دباتا ہوں، ہمایوں سعید
معروف اداکار ہمایوں سعید نے انکشاف کیا ہے کہ ناراضگی کے بعد بیوی کو منانے کے لیے وہ کبھی کبھار ان کے پاؤں بھی دباتے ہیں جب کہ غلطی نہ ہونے کے باوجود وہ معافی مانگتے رہتے ہیں۔
ہمایوں سعید نے حال میں ماہرہ خان کے ہمراہ ’فوچیا میگزین‘ کو انٹرویو دیا، جس میں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر بات کی۔
دونوں اداکار اپنے آنی والی رومانٹک کامیڈی فلم ’لو گُرُو‘ کی تشہیر میں مصروف ہیں، جسے 6 جون کو ملک سمیت دنیا بھر میں ریلیز کیا جائے گا۔
انٹرویو کے دوران ہمایوں سعید نے اہلیہ سے اپنی محبت کی داستان بھی بتائی اور کہا کہ اب وہ ان کے بغیر نہیں رہ سکتے۔
اداکار کا کہنا تھا کہ جب انہوں نے کئی سال قبل ثمینہ سے شادی کی، تب شاید انہیں ان سے اتنی زیادہ محبت نہ ہو لیکن انہیں یہ معلوم تھا کہ وہ خاتون ان کی زندگی میں ہونی چاہیے۔
ان کے مطابق شادی کے بعد ان کے درمیان محبت مزید بڑھ گئی اور اب انہیں لگتا ہے کہ وہ اہلیہ کے بغیر نہیں رہ سکتے، ان کے بغیر ان کی زندگی میں بے مزہ ہوگی۔
ہمایوں سعید نے یہ بھی شکوہ کیا کہ ان کی اہلیہ ان سے الفاظ میں اظہار محبت نہیں کرتی، بیوی نے کبھی انہیں ’آئی لو یو‘ نہیں بولا۔
ان کے مطابق بیوی ان کا ہر طرح سے خیال رکھتی ہیں، ان سے بے حد محبت کرتی ہیں لیکن الفاظ میں اظہار محبت نہیں کرتیں۔
اداکار نے بتایا کہ وہ بیوی کو بار بار ’آئی لو یو‘ بولتے رہتے ہیں جب کہ بیرون ملک دورے پر کال کرکے انہیں ’آئی مس یو‘ بھی کہتے ہیں لیکن بیوی انہیں کچھ نہیں کہتی۔
ایک سوال کے جواب میں ہمایوں سعید کا کہنا تھا کہ محبت میں اگر کوئی کسی کی عزت نہ کرے اور یقین نہ کرے تو سمجھ لینا چاہیے کہ وہ شخص ان سے حقیقی محبت نہیں کرتا۔
انہوں نے اسی معاملے پر بات کرتے ہوئے بتایا کہ وہ نہ صرف اہلیہ سے زبانی اظہار محبت کرتے رہتے ہیں بلکہ دوسرے اعمال سے بھی انہیں محبت کا یقین دلاتے رہتے ہیں۔
اداکار کے مطابق جب بیوی ان سے ناراض ہوجاتی ہیں تو وہ ان کے پاؤں بھی دباتے ہیں اور انہیں گلے لگا کر ان سے معافی بھی مانگتے ہیں۔
ہمایوں سعید کا کہنا تھا کہ بعض مرتبہ ان کی کوئی غلطی نہیں ہوتی لیکن اس باوجود وہ اہلیہ سے معافی مانگتے ہیں اور معاف نہ کرنے تک ان کے پاؤں بھی دباتے رہتے ہیں۔











لائیو ٹی وی