کراچی: ابراہیم حیدری میں کمسن طالبہ سے زیادتی، ملزم گرفتار
کراچی کے علاقے ابراہیم حیدری میں کمسن طالبہ سے زیادتی کی گئی ہے، جبکہ پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزم کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان ملیر پولیس کے مطابق ابراہیم حیدری تھانے کی حدود میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں ایک کمسن طالبہ سے زیادتی کی شکایت پر پولیس نے فوری ایکشن لیتے ہوئے مقدمہ درج کر کے ملزم کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان نے بتایا کہ متاثرہ طالبہ کے والدین کی مدعیت میں فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) دفعہ 376 کے تحت درج کی گئی ہے۔
ترجمان پولیس کا کہنا تھا کہ طالبہ تعلیم کے لیے عرصہ دراز سے ملزم کے پاس جاتی تھی، جہاں اس کے ساتھ زیادتی کی گئی۔
ترجمان کے مطابق پولیس نے والدین کی درخواست پر کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو حراست میں لے لیا اور تمام قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے تفتیش کا آغاز کردیا گیا۔
ترجمان نے بتایا کہ اسٹیشن ہاؤس افسر (ایس ایچ او) ابراہیم حیدری غوث بخش کے مطابق واقعے کی مکمل اور شفاف تحقیقات جاری ہیں اور انصاف کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔
واضح رہے کہ اگرچہ ملک میں انسداد زیادتی قوانین موجود ہیں جن کے تحت زیادتی کی سزا سزائے موت یا 10 سے 25 سال قید ہے، لیکن ایسے واقعات بدستور سامنے آ رہے ہیں۔












لائیو ٹی وی