اقوام متحدہ کی کمیٹیوں میں حالیہ تعیناتیاں پاکستان پر عالمی برادری کے اعتماد کی توثیق ہے، وزیراعظم
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی اہم کمیٹیوں میں پاکستان کی حالیہ تعیناتیاں ملک کی انسداد دہشت گردی کی کوششوں پر عالمی برادری کے اعتماد کی توثیق ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان کو طالبان پر عائد پابندیوں کے نفاذ کی نگرانی کرنے والی اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی کمیٹی کا چیئرمین اور اقوام متحدہ کی انسداد دہشتگردی کمیٹی کا نائب چیئرمین مقرر کر دیا گیا تھا۔
اقوام متحدہ میں پاکستان کے سفارتی مشن کی جانب سے جاری کی گئی پریس ریلیز میں بتایا گیا کہ پاکستان کواقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی اس کمیٹی کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے جو قرارداد 1988 (2011) کے تحت طالبان پر عائد پابندیوں کے نفاذ کی نگرانی کرتی ہے۔
مزید برآں، پاکستان کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے غیر رسمی ورکنگ گروپ برائے دستاویزات (آئی ڈبلیو جی) اور حال ہی میں قائم ہونے والے غیر رسمی ورکنگ گروپ برائے پابندیوں کا شریک چیئرمین بھی مقرر کیا گیا ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ تقرریاں ’بڑے فخر کی بات‘ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ اہم تعیناتیاں پاکستان کی انسداد دہشت گردی کے حوالے سے کوششوں پر عالمی برادری کے اعتماد کی توثیق کرتی ہیں، اور یہ اس لعنت کو ختم کرنے کے لیے ہمارے مضبوط اور غیر متزلزل عزم کا اعتراف ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں دہشت گردی کی وجہ سے 90 ہزار سے زائد اموات اور 150 ارب ڈالر سے زیادہ کے معاشی نقصانات ہو چکے ہیں، اور اس لعنت سے نمٹنے میں ملک کی قربانیاں کسی سے کم نہیں۔
اقوام متحدہ میں پاکستانی مشن نے ان تقرریوں کو اہم سفارتی پیش رفت قرار دیا تھا۔
پریس ریلیز میں کہا گیا تھا کہ یہ تعیناتیاں پاکستان کی اقوام متحدہ کے نظام کے ساتھ فعال مشغولیت بشمول سلامتی کونسل کے منتخب رکن کے طور پر اس کے تعمیری کردار کی بھی تصدیق ہیں۔
مزید کہا گیا تھا کہ یہ پاکستان کی انسداد دہشت گردی کی کوششوں کا عالمی سطح پر اعتراف بھی ہیں۔
پاکستان نے کہا تھا کہ وہ اقوام متحدہ اور دوسرے رکن ممالک کے ساتھ مل کر اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں اور مقاصد کو آگے بڑھانے کے لیے کام کرنے کے ساتھ ساتھ اپنے بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ عالمی سطح پر دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنے کردار کو نبھانے کے لیے پُرعزم ہے۔












لائیو ٹی وی