بھارتی اداکاروں کی وطن سے محبت دیکھ کر خوشی ہوئی، فرحان سعید
گلوکار و اداکار فرحان سعید کا کہنا ہے کہ بھارت میں پاکستانی ڈراموں پر پابندی کا نقصان ہمیں نہیں بلکہ خود بھارت کو ہوا ہے، کیونکہ اب وہ اچھے ڈرامے نہیں دیکھ سکیں گے۔
فرحان سعید نے حال ہی میں اداکارہ کنزہ ہاشمی کے ہمراہ ’فوچیا میگزین‘ کو انٹرویو دیا، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر گفتگو کی۔
اپنے ڈرامے ’شیریں فرہاد‘ کے بارے میں بات کرتے ہوئے فرحان سعید نے کہا کہ اس میں 70 کی دہائی کی محبت کو دکھایا گیا ہے، جو آج کے نوجوانوں کے لیے حیران کن ہوگی لیکن جو لوگ اُس دور سے تعلق رکھتے ہیں، وہ خود کو اس کہانی سے کافی قریب محسوس کریں گے۔
کنزہ ہاشمی کے ساتھ کام کے تجربے پر بات کرتے ہوئے فرحان سعید نے کہا کہ یہ ایک شاندار تجربہ تھا، کنزہ کی سب سے اچھی بات یہ ہے کہ وہ اچھا نظر آنے کا مصنوعی پن اختیار نہیں کرتی، جیسی ہے ویسی ہی رہتی ہے۔
پاک بھارت کشیدگی کے دوران بھارتی اداکاروں کے رویے سے متعلق ایک سوال کے جواب میں فرحان سعید نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ بھارتی اداکاروں نے اپنے ملک سے محبت کا اظہار کیا، یہ ایک فطری بات ہے، میں بھی ایک پاکستانی ہوں اور ہمیشہ اپنے ملک کے ساتھ کھڑا ہوں گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ مجھے بھارتی اداکاروں سے مایوسی نہیں ہوئی بلکہ ان کے میڈیا نے مایوس کیا کیونکہ اس نے بھارتی عوام کو ’مودینز‘ بنا دیا ہے۔
فرحان سعید کا کہنا تھا کہ یہ سچ ہے کہ بھارت میں پاکستانی ڈراموں پر پابندی کی وجہ سے ہمارے ڈرامے دیکھنے والوں کی تعداد میں کمی آئی ہے لیکن میرا نہیں خیال کہ ہمیں اس سے کوئی فرق پڑا ہے کیونکہ ہم اپنے ڈرامے ان کے لیے نہیں بناتے، ہمارے ملک میں بھی 25 کروڑ لوگ موجود ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے ڈرامے اس لیے نہیں بنانے شروع کیے تھے کہ وہ کسی اور ملک میں دیکھے جائیں، پی ٹی وی کے وقت سے ڈرامے بن رہے ہیں، بھارت میں تو حالیہ برسوں میں ہمارے ڈرامے دیکھنا شروع کیے گئے، میرے خیال میں اس پابندی کا نقصان ہمارا نہیں بلکہ ان کا اپنا نقصان ہے۔
فرحان سعید کے مطابق بھارتی ناظرین ہمارے ڈرامے اس لیے دیکھتے تھے کیونکہ ہمارا مواد معیاری ہوتا ہے، وہ ہماری فلمیں نہیں دیکھتے کیونکہ وہ اچھی نہیں ہوتیں، اصل اہمیت مواد کی ہوتی ہے اور اچھا مواد ہمیشہ اپنی جگہ بنالیتا ہے۔












لائیو ٹی وی