’مصطفیٰ کمال اور منعم ظفر پریس کانفرنسز چھوڑیں، مل کر کام کریں‘
میئرکراچی مرتضیٰ وہاب نے ایم کیو ایم پاکستان اورجماعتِ اسلامی کو ساتھ مل کر کام کرنے کی دعوت دے دی، مرتضیٰ وہاب نے دونوں جماعتوں کو تعاون کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ مصطفیٰ کمال بھائی اور منعم ظفر بھائی، پریس کانفرنسز چھوڑیں، آئیں ہمارے ساتھ بیٹھیں اور ملکر شہر کی بہتری کیلئے کام کریں۔
ڈان نیوز کے مطابق سندھ سالڈ ویسٹ منیجمنٹ بورڈ حکام کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے میئرکراچی نے کہا کہ ہم تنقید کا جواب کام سے دیں گے، اچھے کام پر آپ کو شاباش دیتا ہوں،کراچی کے ضلع شرقی، وسطی اور جنوبی کے کچھ علاقوں میں رات گئے تک کام آلائشوں کو ٹھکانے لگانے کا کام کیا گیا، کچھ علاقوں میں عرقِ گلاب سے سڑکیں بھی دھوئیں، کہیں بُری چیز ہوتی ہے تو کہا جاتا ہے ’میئر‘ ناکام ہوگیا۔
میئرکراچی نے مزید کہا کہ چربی مافیا عید کے دنوں میں کافی فعال ہو جاتا ہے، چربی مافیا کیخلاف کراچی پولیس چیف سے رابطہ کیا تھا، کراچی میں 144 ایف آئی آرز کاٹی گئیں، 348 افراد کو گرفتار کیا گیا، 94 شکایتوں کی جگہ کا تعین نہ ہونے کے باعث ازالہ ممکن نہیں ہو سکا۔
مرتضی وہاب نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ اب تک ایک لاکھ 40 ہزار 801 آلائشیں اور کچرا لینڈ فِل سائٹ پر پہنچایا جا چکا ہے، عیدالاضحی کے دوران 95 ہزار 654 ٹن آلائشیں اور 51 ہزار ٹن کچرا لینڈ فِل سائٹس تک پہنچایا گیا ہے۔












لائیو ٹی وی