• KHI: Sunny 26.7°C
  • LHR: Partly Cloudy 20.3°C
  • ISB: Cloudy 18.7°C
  • KHI: Sunny 26.7°C
  • LHR: Partly Cloudy 20.3°C
  • ISB: Cloudy 18.7°C

لاہور سے روس کیلئے 22 جون سے ٹرین سروس شروع کی جائے گی، وزیر ریلوے

شائع June 11, 2025
وزیر ریلوے نے کہا کہ وزیراعظم کی خواہش ہے کہ ریلوے ٹریک کو ازبکستان اور قازقستان سے ملایا جائے
— فوٹو: ڈان نیوز
وزیر ریلوے نے کہا کہ وزیراعظم کی خواہش ہے کہ ریلوے ٹریک کو ازبکستان اور قازقستان سے ملایا جائے — فوٹو: ڈان نیوز

وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا ہے کہ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے ساتھ مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) کے بعد ریلوے کے پورے سسٹم کو ڈیجیٹلائز کر دیا جائے گا، متعدد ٹرینوں اور ہسپتالوں کو آؤٹ سورس کرنے سمیت لاہور سے روس کے لیے 22 جون سے ٹرین سروس بھی شروع کی جائے گی۔

پی ٹی وی نیوز کے مطابق ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر حنیف عباسی نے کہا کہ ریلوے نے 31 مئی تک اپنی 77 سالہ تاریخ میں سب سے زیادہ ریونیو حاصل کیا جس میں مزید اضافے کے لیے مال بردار ٹرینیں چلائیں گے، ریلوے اسٹیشنز اور کالونیوں کو ستھرا پنجاب مہم کے تحت صاف کیا جا رہا ہے، ریلوے ٹریکس پر پھل دار درخت اور پودے بھی لگائے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی خواہش ہے کہ ازبکستان اور قازقستان کو ریلوے ٹریک سے ملایا جائے، تھرکول اور ریکوڈک کی کامیابی کے لیے ہمیں ریلوے کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہوگا، اور اسے ترقی دینا ہو گی۔

ان کا کہنا تھا کہ مسافروں کی سہولت کے لیے جلد ہی فری وائی فائی سروس شروع کرنے جا رہے ہیں، ریلوے میں پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ذریعے فوڈ کوالٹی کو بہتر اور مسافروں کے لیے سہولتوں میں اضافہ کر کے ان کا اعتماد بحال کیا جائے گا، تاکہ ریلوے آمدنی میں اضافہ کیا جا سکے۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ ریلویز کے 14 اسکولوں میں 5 ہزار 200 بچے زیر تعلیم ہیں، آؤٹ سورس کرنے سے ریلوے اسکولوں کا بھی معیار تعلیم مزید بہتر ہو گا، ریلوے کی ترقی کے لیے بہت سے منصوبے زیرِ غور ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ حالیہ پاک-بھارت کشیدگی میں آرمی چیف کو بہترین کارکردگی پر فیلڈ مارشل بنایا گیا، پاکستاں دفاعی اعتبار سے مضبوط ملک ہے اور یہ دنیا نے تسلیم کیا۔

حنیف عباسی نے کہا کہ دشمن نے رات کی تاریکی میں پاکستان پر حملہ کیا جس کا ہماری فوج نے منہ توڑ جواب دیا اور پوری قوم کا سر فخر سے بلند کیا، پانی ہماری زندگی ہے جس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔

کارٹون

کارٹون : 13 دسمبر 2025
کارٹون : 12 دسمبر 2025