• KHI: Partly Cloudy 23°C
  • LHR: Partly Cloudy 16.3°C
  • ISB: Cloudy 13.7°C
  • KHI: Partly Cloudy 23°C
  • LHR: Partly Cloudy 16.3°C
  • ISB: Cloudy 13.7°C

پنجاب میں شدید ہیٹ ویو، بھکر میں پارہ 50 ڈگری سینٹی گریڈ کو چھو گیا

شائع June 11, 2025
ہیٹ ویو 13 جون تک جاری رہنے کا امکان ہے، پی ڈی ایم اے —  فائل فوٹو: شٹراسٹاک
ہیٹ ویو 13 جون تک جاری رہنے کا امکان ہے، پی ڈی ایم اے — فائل فوٹو: شٹراسٹاک

منگل کے روز پنجاب کے شہر بھکر میں درجہ حرارت 50 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جو اس موسم میں صوبے کا سب سے زیادہ درجہ حرارت ہے۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کا کہنا تھا کہ یہ شدید موسمی حالات ایک وسیع ہیٹ ویو کا حصہ ہیں، جو 13 جون تک جاری رہنے کا امکان ہے اور درجہ حرارت معمول سے 5 سے 7 ڈگری زیادہ رہے گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق منگل کو نورپور تھل میں درجہ حرارت 49 ڈگری جبکہ گوجرانوالہ، حافظ آباد، کروڑ (ضلع لیہ) اور منڈی بہاالدین میں درجہ حرارت 48 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔

انتظامیہ کی جانب سے عوامی مقامات اور بس اڈوں پر پینے کا ٹھنڈا پانی فراہم کیا جا رہا ہے، ہسپتالوں میں ہیٹ اسٹروک ایمرجنسی کاؤنٹرز قائم کیے گئے ہیں اور گرمی سے متعلق بیماریوں کے علاج کے لیے طبی سامان فراہم کر دیا گیا ہے۔

حکام نے متاثرہ علاقوں کے شہریوں کو سخت احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے اور مشورہ دیا ہے کہ وہ خاص طور پر دن 11 بجے سے شام 4 بجے کے درمیان غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کریں۔

پی ڈی ایم اے ایک آگاہی مہم چلا رہی ہے جس میں شہریوں سے کہا گیا ہے کہ وہ ہلکے رنگ کے ڈھیلے سوتی کپڑے پہنیں اور زیادہ سے زیادہ پانی پئیں۔

پی ڈی ایم اے کے ڈائریکٹر جنرل عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ یہ ایک جان لیوا صورتحال ہے، اور اس بات پر زور دیا کہ کمزور طبقات کو خاص طور پر تحفظ دیا جانا چاہیے۔

محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ آئندہ 48 سے 72 گھنٹوں میں گرمی کی لہر میں کوئی کمی متوقع نہیں۔

کارٹون

کارٹون : 13 دسمبر 2025
کارٹون : 12 دسمبر 2025