کراچی: کروڑوں روپے کے بینک فراڈ کیس میں اداکارہ نادیہ حسین کی عبوری ضمانت کی توثیق
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کراچی جنوبی کی عدالت نے کروڑوں روپے کے بینک فراڈ کیس میں محفوظ کیا گیا فیصلہ سناتے ہوئے اداکارہ نادیہ حسین کی عبوری ضمانت کی توثیق کر دی۔
ڈان نیوز کے مطابق کراچی میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جنوبی کی عدالت نے 2 ملزمان امتیاز اور فیصل کی عبوری ضمانت مسترد کردی، عدالتی فیصلے کے فوری بعد ملزمان فرار ہوگئے۔
دوران سماعت وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے افسران موجود نہیں تھے، وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ایف آئی اے کی عدم موجودگی کا ملزمان نے فائدہ اٹھایا اور فرار ہوگئے۔
یاد رہے کہ مقدمے کے مرکزی ملزم اور اداکارہ نادیہ حسین کے شوہر عاطف خان جیل میں ہیں۔
واضح رہے کہ رواں سال مارچ کے مہینے میں ماڈل، میک اپ آرٹسٹ اور اداکارہ نادیہ حسین کے شوہر بینکار عاطف محمد خان کو مبینہ فراڈ اور خورد بورد کے الزامات کے تحت گرفتار کرلیا گیا تھا۔
انگریزی اخبار ’ایکسپریس ٹربیون‘ کے مطابق عاطف محمد خان کو نجی بینک سیکیورٹیز کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی شکایت پر وفاقی تحقیقاتی ادارے کی جانب سے گرفتار کیا گیا تھا۔
رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ نادیہ حسین کے شوہر پر الزام ہے کہ انہوں نے بینک کے 80 کروڑ روپے کا غلط استعمال کرکے ذاتی کاروبار کے لیے 65 کروڑ 40 لاکھ روپے کے فنڈز تیسری پارٹی سے وصول کیے اور وصول شدہ رقم پر کمپنی کے ہی پیسوں سے بھاری منافع بھی ادا کیا۔












لائیو ٹی وی