شوہر کے فراڈ کیس سے میرا کوئی تعلق نہیں، نادیہ حسین نے میڈیا کو کھری کھری سنادی
میک اپ آرٹسٹ و اداکارہ نادیہ حسین نے کراچی کی مقامی عدالت سے قبل از گرفتاری ضمانت کی درخواست منظور ہونے کے بعد میڈیا کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ان کا شوہر کے فراڈ کیس سے کوئی تعلق نہیں، میڈیا اور صحافی درست رپورٹنگ کریں۔
نادیہ حسین نے انسٹاگرام پر مختصر دورانیے کی ویڈیو شیئر کی، جس میں انہوں نے عدالت سے اپنی درخواست منظور ہونے سے متعلق بتایا۔
ویڈیو میں اداکارہ نے دعویٰ کیا کہ ان کا شوہر کے فراڈ کیس سے کوئی لینا دینا نہیں اور اب ان کی ضمانت منظور ہونے کے بعد باقی لوگوں کو بھی بات سمجھ آگئی ہوگی کہ نادیہ حسین کا فراڈ کیس سے کوئی تعلق نہیں۔
ساتھ ہی انہوں نے واضح کیا کہ اگرچہ ان کا شوہر کے فراڈ کیس سے کوئی تعلق نہیں، تاہم اس باوجود انہوں نے صرف اس لیے قبل از گرفتاری ضمانت کروائی تاکہ وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) انہیں کوئی بہانہ بنا کر گرفتار نہ کرے۔
انہوں نے کہا کہ انہیں ایف آئی اے پر یقین نہیں، وہ حرکتیں کرتے رہتے ہیں، اس لیے انہوں نے قبل از وقت گرفتاری ضمانت کروالی۔
نادیہ حسین کا کہنا تھا کہ ایف آئی اے انہیں گرفتار کرکے ان کے شوہر پر دباؤ ڈال سکتی تھی، اس لیے انہوں نے پہلے ہی ضمانت کروالی۔
ویڈیو کے دوران نادیہ حسین بار بار بتاتی دکھائی دیں کہ ان کا شوہر کے فراڈ کے کیس سے کوئی لینا دینا نہیں، وہ صرف ان کے شوہر ہیں، ان کے کاروبار اور ملازمت سے ان کا کوئی تعلق نہیں۔
انہوں نے میڈیا اور سوشل میڈیا پیجز کو آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ جاہل یوٹیوبرز اور صحافیوں کو ان کے کیس سے متعلق کوئی معلومات نہیں، وہ الٹی سیدھی اور سنسنی سے بھرپور خبریں پھیلاتے ہیں۔
انہوں نے کسی کا نام لیے بغیر ٹی وی چینلز کو بھی آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ انتہائی کم درجے کے ٹی وی چینلز ان سے متعلق غلط خبریں نشر کرتے ہیں۔
نادیہ حسین نے میڈیا، سوشل میڈیا پیجز اور یوٹیوبرز کو بتایا کہ وہ جان لیں اور سمجھ لیں کہ ان کا شوہر کے فراڈ کیس سے کوئی تعلق نہیں۔
خیال رہے کہ ایک روز قبل ہی نادیہ حسین کی قبل از وقت گرفتاری ضمانت منظور ہوئی تھی۔ انہوں نے شوہر کی گرفتاری اور ان کے فراڈ کیس میں اپنا نام آنے کے بعد عدالت میں ضمانت کی درخواست دائر کی تھی۔
ایف آئی اے کے مطابق نادیہ حسین کے شوہر عاطف محمد خان نے ان کے سیلون کے اکاؤنٹس میں فراڈ کی رقم منتقل کی تھی اور خود نادیہ حسین نے ایف آئی اے میں پیش ہوکر اس کا اعتراف بھی کیا تھا۔
نادیہ حسین کا کہنا تھا کہ اگرچہ شوہر نے انہیں پیسے منتقل کیے لیکن وہ پیسے قانونی طریقے سے بینک اکاؤنٹ میں آئے، وہ ریکارڈ کا حصہ ہیں، کرپشن نہیں کی۔
ان کے شوہر عاطف محمد خان کو ایف آئی اے نے 10 مارچ کو 64 کروڑ روپے سے زائد کے فراڈ کیس میں گرفتار کیا تھا اور ان سے تفتیش جاری ہے۔
نادیہ حسین کے شوہر پر الزام ہے کہ انہوں نے بینک کے 80 کروڑ روپے کا غلط استعمال کرکے ذاتی کاروبار کے لیے 65 کروڑ 40 لاکھ روپے کے فنڈز تیسری پارٹی سے وصول کیے اور وصول شدہ رقم پر کمپنی کے ہی پیسوں سے بھاری منافع بھی ادا کیا۔
بعد ازاں یہ معاملہ بھی سامنے آیا تھا کہ انہوں نے اپنی بیوی نادیہ حسین کے سیلون کے اکاؤنٹس میں بھی بھاری رقم منتقل کی اور اسی کیس میں ماڈل و اداکارہ ایف آئی اے میں پیش بھی ہوئی تھیں، انہوں نے اپنا بیان بھی ریکارڈ کروایا تھا۔
اپنا نام کیس میں سامنے آنے کے بعد انہوں نے سیشن کورٹ سے قبل از وقت گرفتاری ضمانت بھی حاصل کرلی۔












لائیو ٹی وی