• KHI: Partly Cloudy 23°C
  • LHR: Partly Cloudy 16.2°C
  • ISB: Partly Cloudy 11.1°C
  • KHI: Partly Cloudy 23°C
  • LHR: Partly Cloudy 16.2°C
  • ISB: Partly Cloudy 11.1°C

نوعمری میں گرل و بوائے فرینڈ ہونا نارمل ہے، سنیتا مارشل کی بات پر تنازع

شائع June 13, 2025
—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

اداکارہ سنیتا مارشل کی جانب سے نوعمری میں لڑکوں اور لڑکیوں کے درمیان دوستی کو نارمل قرار دیے جانے کی بات پر صارفین نے انہیں آڑے ہاتھوں لے لیا۔

سنیتا مارشل حال ہی میں ندا یاسر کے پروگرام میں شریک ہوئیں، جہاں انہوں نے نو عمری میں بچوں کی جانب سے دوستیاں کرنے کے معاملے پر بات کی۔

پروگرام میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تمام بیویوں کو اپنے شوہروں کو پہلے سے ہی بچوں کے تعلقات اور دوستیوں سے متعلق بتانا، آگاہ کرنا اور سمجھانا چاہیے۔

ان کے مطابق ان کے شوہر تو تعلیم یافتہ اور سمجھدار ہیں، اس لیے انہیں بتانا اور سمجھانا نہیں پڑتا لیکن جن گھروں میں مرد کم پڑھے لکھے ہیں، وہاں بیویاں پہلے سے ہی شوہروں کو بچوں کے تعلقات سے متعلق بتانا اور سمجھانا شروع کریں۔

سنیتا مارشل کا کہنا تھا کہ چوں کہ قدرتی طور پر مرد زیادہ جذباتی اور غصہ والا ہوتا ہے، اس لیے ایسی باتوں کا اچانک علم ہونے پر مرد غصہ بھی کر سکتے ہیں، اس لیے بیویاں پہلے سے ہی آہستہ آہستہ شوہروں کو بچوں کے تعلقات سے متعلق سمجھانا اور بتانا چاہیے۔

اداکارہ کے مطابق نو عمری میں بچوں کی جانب سے تعلقات استوار کرنا معمول ہے اور یہ قدرتی عمل ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان کے بچے ابھی چھوٹے ہیں، ان کے گرل اور بوائے فرینڈ نہیں ہوں گے لیکن اگر ان کے ایسے تعلقات ہیں تو بھی انہیں اس بات کا علم نہیں۔

اسی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے سنیتا مارشل کا کہنا تھا کہ نو عمری میں بچوں کی جانب سے گرل اور بوائے فرینڈ جیسے تعلقات بنانا عام بات ہے اور ایسی باتوں کو بیویاں اپنے شوہروں کو پہلے سے ہی بتانا شروع کریں تاکہ انہیں بچوں کی باتیں اچانک سے معلوم ہونے پر غصہ نہ آئے۔

اداکارہ کے مطابق ممکن ہے کہ والد اپنے بچوں کے تعلقات کا اچانک علم ہونے پر غصے میں آئے، اس لیے بیویاں اپنے شوہروں کو پہلے سے ہی یہ سمجھانا اور بتانا شروع کریں کہ نو عمری میں تعلقات استوار کرنا عام بات ہوتی ہے۔

سنیتا مارشل کی بات سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی اور صارفین نے ان سے اختلاف کرتے ہوئے ان پر تنقید بھی کی۔

زیادہ تر صارفین نے اداکارہ کی بات سے اختلاف رائے کرتے ہوئے لکھا کہ پاکستانی اور اسلامی معاشرے میں بچوں یا لڑکا اور لڑکی کے تعلقات نارمل نہیں بلکہ غلط بات ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 21 دسمبر 2025
کارٹون : 20 دسمبر 2025