صنم چوہدری کا شوبز میں مشروط واپسی کا عندیہ

شائع June 16, 2025
—فوٹو: انسٹاگرام
—فوٹو: انسٹاگرام

مذہب اسلام کی خاطر شوبز سے دوری اختیار کرنے والی سابق اداکارہ و ماڈل صنم چوہدری نے شوبز میں مشروط واپسی کا عندیہ دے دیا۔

صنم چوہدری نے اگست 2021 میں مذہب اسلام کی خاطر شوبز سے دوری اختیار کی تھی، انہوں نے کیریئر کے عروج پر ڈراما انڈسٹری کو چھوڑا تھا۔

شوبز سے دوری اختیار کرنے کے بعد انہوں نے انسٹاگرام سے اپنی تمام پرانی بولڈ تصاویر اور ویڈیوز بھی ڈیلیٹ کردی تھیں اور بعد ازاں انہوں نے حجاب کے ساتھ تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرنا شروع کردیں۔

گزشتہ چار سال کے دوران صنم چوہدری کو متعدد مواقع پر سوشل میڈیا کے ذریعے مذہب اسلام کی ترویج اور تبلیغ کرتے دیکھا گیا، انہوں نے ہمیشہ حجاب کے ساتھ تصاویر شیئر کیں۔

حال ہی میں انہوں نے انسٹاگرام پر مداحوں کے سوالوں کے جوابات دیے، جہاں ان سے ذاتی زندگی، شوبز سے کنارہ کشی اور شوبز میں واپسی سے متعلق بھی سوالات کیے گئے۔

شوبز میں واپسی کے سوال پر صنم چوہدری نے مشروط واپسی کا عندیہ دیا، جس پر ان کے مداحوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔

صنم چوہدری نے کہا کہ اگر انہیں کسی اچھے موضوع پر بنے ڈرامے میں کام کرنے کی پیش کش ہوتی ہے جو کہ مذہب اسلام کی تعلیمات کے مطابق ہو اور انہیں حجاب کے ساتھ کام کرنے دیا جائے گا تو وہ ضرور شوبز میں واپسی کریں گی۔

صنم چوہدری کی جانب سے شوبز میں مشروط واپسی کا عندیہ دینے کا جواب سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا اور صارفین نے اس پر دلچسپ تبصرے بھی کیے۔

کارٹون

کارٹون : 21 دسمبر 2025
کارٹون : 20 دسمبر 2025