خواہش ہے بیٹیوں کو میرے جیسا شوہر ملے، بابر علی

شائع June 17, 2025
—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

معروف اداکار بابر علی نے خواہش ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ چاہتے ہیں کہ ان کی بیٹیوں کے شوہر ان جیسی طبیعت رکھنے والے ہوں۔

بابر علی نے حال ہی میں ’ہنسنا منع ہے‘ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر بات کی۔

پروگرام کے دوران انہوں نے پاکستانی فلم انڈسٹری کی تباہی پر بھی بات کی اور کہا کہ متعدد وجوہات کی وجہ سے شوبز انڈسٹری خستہ حالی کا شکار ہوئی۔

ان کے مطابق 1990 کے بعد ہم نے کیمرا ٹیکنالوجی اور تکنیکی عملے کو نئے ٹرینڈز کے مطابق تیار نہیں کیا جب کہ اسکرپٹس پر بھی توجہ نہیں دی گئی۔

انہوں نے کہا کہ ہر عروج کا زوال ہوتا ہے اور پاکستانی فلم انڈسٹری کے ساتھ بھی وہی ہوا لیکن انہیں امید ہے کہ جلد ہی پاکستانی فلم انڈسٹری دوبارہ مضبوط ہوگی۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ وہ خاندان کے پہلے شخص تھے، جنہوں نے شوبز میں شمولیت اختیار کی، انہیں پہلا ہی کردار ’محمد بن قاسم‘ کا ملا تھا، جس وجہ سے ان کے والد بھی ان کی اداکاری کی بات مان گئے۔

بابر علی کا کہنا تھا کہ پہلا ڈراما کامیاب ہونے کے فوری بعد ہی انہیں ’جیوا‘ فلم میں کام کرنے کی پیش کش ہوئی اور اتفاق سے وہ بھی کامیاب گئی اور یوں ان کا کیریئر چل پڑا۔

ایک اور سوال کے جواب میں بابر علی نے اعتراف کیا کہ ماضی میں فلمی ہیروئن کے درمیان پہلے نمبر پر رہنے کا مقابلہ رہتا تھا اور اسی لیے ہیروئنز آپس میں لڑتی بھی رہتی تھیں، تاہم انہوں نے کسی کا نام نہیں لیا۔

اداکار نے ایک اور سوال کے جواب میں بتایا کہ انہیں جس خاتون سے محبت تھی، اسی سے شادی کی اور نوجوانی میں ہی انہوں نے شادی کرلی تھی۔

انہوں نے بتایا کہ ان کی بڑی صاحبزادی کی عمر 20 سال ہے جب کہ باقی بچے بھی بڑے ہوچکے ہیں۔

بابر علی نے بیٹے کے لیے کیسی دلہن اور بیٹیوں کے لیے کیسا دلہا چاہتے ہیں کہ سوال پر کہا کہ وہ ان کی خواہش ہے کہ ان کی بیٹیوں کا ان جیسا شوہر ملے۔

انہوں نے کہا کہ ان کی بیوی اور والدہ کی بھی یہی خواہش ہے کہ ان کی بیٹیوں کو ان جیسا شوہر ملے۔

بابر علی کا کہنا تھا کہ بطور شوہر اور والد انہوں نے اپنی ذمہ داریاں اس طرح نبھائی ہیں کہ اب ان کی بیوی اور بیٹیاں انہیں ہی آئیڈیل سمجھتی ہیں اور اسی لیے بیٹیوں کی بھی یہی خواہش ہے کہ انہیں والد جیسا شوہر ملے۔

انہوں نے والدین کو پیغام دیا کہ وہ اپنی بیٹیوں کو مضبوط بنائیں، پڑھائیں اور اچھے شخص سے شادی کروانے کے بعد یہ نہ سوچیں کہ بیٹیاں رخصت ہوئیں، اب ان کا جنازہ ہی گھر میں آئے گا۔

بابر علی کے مطابق خدا جس شخص کو بیٹیاں عطا کرتا ہے، اس فرد کی شخصیت میں جھکاؤ بھی لاتا ہے اور بیٹیوں والا شخص کبھی دوسرا کا برا نہیں چاہتا۔

کارٹون

کارٹون : 21 دسمبر 2025
کارٹون : 20 دسمبر 2025