• KHI: Clear 25.4°C
  • LHR: Partly Cloudy 18.3°C
  • ISB: Partly Cloudy 13.1°C
  • KHI: Clear 25.4°C
  • LHR: Partly Cloudy 18.3°C
  • ISB: Partly Cloudy 13.1°C

ایران جوہری ہتھیار بنانے سے چند ہفتے دور تھا، جنگ بندی نہیں، ’مکمل فتح‘ چاہیے، ٹرمپ

شائع June 19, 2025
— فوٹو: سی این این
— فوٹو: سی این این

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیل کے حالیہ حملوں سے قبل ایران جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے چند ہفتے دور تھا اور اب وہ جنگ بندی نہیں بلکہ مکمل فتح چاہتے ہیں۔

ٹائمز آف اسرائیل اور سی این این کی رپورٹس کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں جنگ نہیں چاہتا، لیکن اگر انتخاب جنگ اور ایران کے جوہری ہتھیار کے درمیان ہو، تو جو کرنا پڑے وہ کرنا ہوگا لیکن ہو سکتا ہے ہمیں لڑنا نہ پڑے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایران ’وائٹ ہاؤس آکر مذاکرات کرنا چاہتا ہے‘۔

تاہم، تہران پہلے ہی اس دعوے کی سختی سے تردید کر چکا ہے، اس کے باوجود ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے لیے ملاقات کے دروازے بند نہیں کیے ہیں۔

ٹرمپ نے اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کے موقف کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں جنگ بندی نہیں چاہیے، ہمیں مکمل اور فیصلہ کن فتح چاہیے اور سب جانتے ہیں کہ ہمارے لیے اصل فتح کیا ہے، ’کوئی جوہری ہتھیار نہیں‘۔

امریکی خفیہ اداروں کی رپورٹسں امریکی صدر کا یہ دعویٰ مسترد کرتے ہیں۔

ڈائریکٹر آف نیشنل انٹیلیجنس ٹلسی گیبرڈ نے مارچ میں بیان دیا تھا کہ امریکی انٹیلیجنس کا اندازہ ہے کہ ایران جوہری ہتھیار بنانے پر کام نہیں کر رہا اور سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے 2003 میں یہ پروگرام معطل کیا تھا اور اسے دوبارہ شروع کرنے کی اجازت نہیں دی۔

سی این این کی رپورٹ کے مطابق، امریکی انٹیلیجنس کی تازہ ترین تشخیص یہ ہے کہ ’ایران فی الحال جوہری ہتھیار بنانے کا فعال ارادہ نہیں رکھتا، وہ کم از کم 3 سال دور ہے اس قابل ہونے سے کہ ایک مکمل جوہری ہتھیار تیار کر کے کسی ہدف پر استعمال کر سکے۔

دوسری جانب، ایران-اسرائیل جنگ میں ممکنہ امریکی عسکری مداخلت سے متعلق ڈونلڈ ٹرمپ نے سی این این کو بتایا کہ میرے ذہن میں کچھ آپشنز ہیں، لیکن میں حتمی فیصلہ اُس وقت کرتا ہوں جب وہ کرنا ضروری ہو، کیونکہ جنگ کی صورت حال بدلتی رہتی ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ جلد ہی سیچوئیشن روم میں اپنی اعلیٰ ٹیم کے ساتھ اجلاس کریں گے تاکہ ایران کے خلاف ممکنہ امریکی اقدامات پر غور کیا جا سکے۔

صحافی کے اس سوال پر کہ اگر ایرانی حکومت گر گئی تو کیا ہوگا؟

ٹرمپ نے کہا ’میرے پاس ہر چیز کا منصوبہ ہے، لیکن دیکھتے ہیں کیا ہوتا ہے، ابھی کافی کچھ باقی ہے، ایران کو جوہری معاہدہ کرنا چاہیے تھا‘۔

کارٹون

کارٹون : 15 دسمبر 2025
کارٹون : 14 دسمبر 2025