کراچی: ڈکیتی کی کوشش ناکام, شہریوں اور سیکیورٹی گارڈ کی فائرنگ سے 2 ڈاکو ہلاک
کراچی کے علاقے سکھن میں ڈکیتی کی کوشش ناکام بنادی گئی جب کہ شہریوں اور سیکیورٹی گارڈ کی فائرنگ سے 2 ڈاکو ہلاک ہوگئے۔
ڈان نیوز کے مطابق پولیس کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ سکھن تھانے کی حدود میں ڈکیتی کی واردات کے دوران 4 نامعلوم ملزمان شہریوں سے لوٹ مار کرکے فرار ہونے کی کوشش کررہے تھے۔
اس دوران، سیکیورٹی گارڈ اور موقع پر موجود شہریوں نے ڈاکوؤں پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں دونوں ملزمان موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔
اطلاع پر سکھن پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچی اور ضروری قانونی کارروائی مکمل کرتے ہوئے دونوں ڈاکوؤں کی لاشوں کو ہسپتال منتقل کردیا۔
پولیس کا کہنا تھا کہ ایک ملزم کی شناخت جمشید کے نام سے ہوئی، ملزمان کا تعلق ڈکیت گروہ سے تھا اور ملزمان کے خلاف مختلف مقدمات کا ریکارڈ بھی موجود ہے۔
علاوہ ازیں، ملزمان سے موٹرسائیکل، موبائل فون اور چھینی ہوئی رقم برآمد کی گئی ہے جب کہ ہلاک ملزمان کے 2 ساتھی موقع سے فرار ہوگئے جن میں سے ایک زخمی ہے اور ان کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔












لائیو ٹی وی