سابق انگلش کرکٹر 71 برس کی عمر میں انتقال کرگئے
انگلینڈ اور نارتھ ہیمپٹن شائر کی نمائندگی کرنے والے سابق کرکٹر وین لارکنز مختصر علالت کے بعد انتقال کر گئے ہیں۔
کرکٹ ویب سائٹ ’کرک انفو‘ کی رپورٹ کے مطابق نیڈ کے نام سے مشہور وین لارکینز نے 1979 سے 1991 کے درمیان 13 ٹیسٹ اور 25 ایک روزہ میچز میں انگلینڈ کی نمائندگی کی۔
انہوں نے ون ڈے کیرئیر کے دوسرے ہی میچ میں 1979 کے ورلڈ کپ فائنل میں ویسٹ انڈیز کیخلاف انگلینڈ کی نمائندگی کی تھی، جس میں انہوں نے ساتویں نمبر پر بلے بازی کی اور 2 اوورز بھی کرائے تھے۔
تاہم، ان کا سب سے یادگار لمحہ 90-1989کے دورہ ویسٹ انڈیز کے دوران سبینا پارک میں فاتحانہ شارٹ کھیل کر انگلینڈ کو سیریز میں غیر متوقع طور پر ایک صفر کی برتری دلانا تھا۔
وین لارکنز کا یہ ساتواں ٹیسٹ میچ تھا جو انہوں نے اپنے چھٹے ٹیسٹ میچ کے 8 سال بعد کھیلا تھا، لارکنز انگلینڈ کے لیے مزید میچز کھیل سکتے تھے، اگر وہ 1982 کے متنازع جنوبی افریقہ کے دورے میں شرکت کے باعث 3 سالہ پابندی کا شکار نہ ہوتے۔
دائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرنے والے ٹاپ آرڈر بلے باز وین لارکینز نے 700 میچز میں نارتھ ہیمپٹن شائر کی نمائندگی کی۔
بعد ازاں، وہ ڈرہم منتقل ہو گئے جہاں انہوں نے اپنے شاندار ’فرسٹ کلاس اور لسٹ اے‘ کیریئر کے اختتام سے قبل 85 سنچریوں کی بدولت 40 ہزار رنز بنائے۔
لارکنز کی اہلیہ ڈیبی نے نارتھمپٹن شائر کی ویب سائٹ پر جاری اپنے بیان میں کہا ’نیڈ ہر اُس شخص سے محبت کرتے تھے جس سے وہ ملتے تھے اور ہر کوئی اُن سے بھی محبت کرتا تھا‘۔
مزید کہا کہ ہم افسردہ ہیں مگر کبھی بھی ان کی بےمثال شخصیت اور ہماری زندگیوں پر پڑنے والے اثر کو نہیں بھولیں گے، لارکنز ہمیشہ ہمارے دلوں میں رہیں گے۔











لائیو ٹی وی