• KHI: Partly Cloudy 19.9°C
  • LHR: Fog 11.8°C
  • ISB: Rain 13.3°C
  • KHI: Partly Cloudy 19.9°C
  • LHR: Fog 11.8°C
  • ISB: Rain 13.3°C

پی سی بی نے سابق آل راؤنڈر اظہر محمود کو قومی ٹیسٹ ٹیم کا عبوری ہیڈ کوچ مقرر کردیا

شائع June 30, 2025
— فائل فوٹو: پی سی بی
— فائل فوٹو: پی سی بی

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سابق آل راؤنڈر اظہر محمود کو قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کا عبوری ہیڈ کوچ مقرر کر دیا۔

گزشتہ دو برسوں کے دوران 6 ہیڈ کوچز آزمانے کے باوجود قومی ٹیم کی بین الاقوامی سطح پر کارکردگی میں کوئی خاطر خواہ بہتری نہ آئی تو پی سی بی نے اپریل میں ایک بار پھر اس عہدے کے لیے اشتہار دیا تھا۔

آخری عبوری ہیڈ کوچ عاقب جاوید، جو گزشتہ چھ ماہ کے دوران سلیکٹر اور کوچ دونوں کے طور پر کام کر رہے تھے، اس سال فروری-مارچ میں ہونے والی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے بعد عہدہ چھوڑ چکے تھے۔

پی سی بی کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ’پاکستان کرکٹ بورڈ آج اعلان کرتا ہے کہ اظہر محمود کو پاکستان کرکٹ ٹیم کا عبوری ریڈ بال ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا ہے‘۔

اعلامیے کے مطابق، سابق پاکستانی آل راؤنڈر یہ ذمہ داری اپنے موجودہ معاہدے کی تکمیل تک انجام دیں گے۔

پی سی بی نے کہاکہ ’ایک تجربہ کار کرکٹنگ ذہن کے طور پر اظہر محمود نے قومی ٹیم کے اسسٹنٹ ہیڈ کوچ کی حیثیت سے خدمات انجام دی ہیں اور وہ طویل عرصے سے ٹیم کی حکمتِ عملی کا اہم حصہ رہے ہیں‘۔

بورڈ نے مزید کہا کہ کرکٹ کے بارے میں گہرا علم، بین الاقوامی سطح پر براہ راست تجربہ اور انگلش کاؤنٹی سرکٹ میں کامیابی انہیں اس عہدے کے لیے بہترین انتخاب بناتی ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ’ان کی ریڈ بال مہارت کو دو کاؤنٹی چیمپئن شپ ٹائٹلز نے مزید نمایاں کیا ہے، جو ان کی قیادت، حکمتِ عملی اور عمدگی کے لیے غیر متزلزل عزم کا ثبوت ہیں‘۔

پی سی بی نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ اظہر کی رہنمائی میں پاکستان کی ریڈ بال ٹیم عالمی سطح پر طاقت، نظم و ضبط اور کارکردگی کے لحاظ سے مزید ترقی کرے گی۔

واضح رہے کہ اظہر محمود اس سے قبل بھی پاکستان ٹیم کے لیے مختلف کوچنگ ذمہ داریاں انجام دے چکے ہیں، جن میں حالیہ ذمہ داری اپریل 2023 میں نیوزی لینڈ کے خلاف 5میچز کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے دوران ہیڈ کوچ کی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 20 دسمبر 2025
کارٹون : 18 دسمبر 2025