آئی سی سی نے سنجوگ گپتا کو نیا چیف ایگزیکٹو افسر مقرر کردیا
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پیر کو بھارت کے معروف اسپورٹس براڈکاسٹر کے سینئر عہدیدار سنجوگ گپتا کو اپنا نیا چیف ایگزیکٹو افسر (سی ای او) مقرر کر دیا ہے۔
خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق سنجوگ گپتا آئی سی سی کے 7ویں سی ای او ہوں گے اور وہ جیف ایلرڈائس کی جگہ لیں گے، جنہوں نے 4 سالہ مدت کے بعد جنوری میں استعفیٰ دے دیا تھا۔
سنجوگ گپتا اس سے قبل جیو اسٹار کے اسپورٹس اور لائیو ایونٹس کے چیف ایگزیکٹو کے طور پر کام کر رہے تھے۔
آئی سی سی کے چیئرمین جے شاہ نے کہا کہ گپتا کھیلوں کی حکمت عملی اور تجارتی پہلوؤں کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں، جو آئی سی سی کے لیے بے حد قیمتی ثابت ہوگا۔
آئی سی سی کے مطابق اس عہدے کے لیے دنیا بھر کے 25 ممالک سے 2500 سے زائد درخواستیں موصول ہوئیں۔
سنجوگ گپتا نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ کرکٹ کے لیے نہایت پُرجوش وقت ہے، جب عالمی مقابلے بلند مقام حاصل کر رہے ہیں، تجارتی راستے وسیع ہو رہے ہیں اور خواتین کی کرکٹ تیزی سے مقبولیت حاصل کر رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کرکٹ کا 2028 کے لاس اینجلس اولمپکس میں شامل ہونا اور ٹیکنالوجی کا تیزی سے فروغ کرکٹ کی عالمی ترقی کے لیے ایک اہم محرک ثابت ہو سکتا ہے۔











لائیو ٹی وی