بیوی، شوہر کی ماں نہیں ہوتی کے بیان کو غلط انداز میں پیش کیا گیا، نادیہ جمیل
اداکارہ نادیہ جمیل نے واضح کیا ہے کہ حال ہی میں ان کی جانب سے بیوی اور شوہر کے حوالے سے دیے گئے بیان کو غلط انداز میں پیش کیا گیا اور وہ اب بھی اپنی بات پر قائم ہیں کہ بیوی کبھی شوہر کی ماں ہوتی ہے، نہ اسے اس کی ماں بننا چاہیے۔
نادیہ خان کی چند دن قبل ایک مختصر ویڈیو کلپ وائرل ہوئی تھی، جس میں انہوں نے بتایا تھا کہ بطور والدہ وہ بیٹے کے نخرے اٹھا سکتی ہیں لیکن ان کے بیٹے کو اپنی منگیتر یا بیوی سے یہ امید نہیں رکھنی چاہیے کہ وہ بھی نخرے اٹھائے گی۔
نادیہ جمیل کے مطابق شوہروں کو سمجھنا چاہیے کہ بیویاں ان کی ماں نہیں ہوتیں اور نہ ہی بیویوں کو شوہروں کی ماں بننے کی ضرورت ہے۔
اداکارہ کی بات پر سوشل میڈیا صارفین نے ملے جلے رد عمل کا اظہار کیا تھا، بعض افراد نے ان کی بات سے اتفاق جب کہ کچھ نے ان سے اختلاف کیا تھا۔
اب اداکارہ نے اپنی ویڈیو کے حوالے سے وضاحت کرتے ہوئے انسٹاگرام پوسٹ میں بتایا کہ ان کے بیان کو غلط سمجھا گیا اور یہ کہ وہ اب بھی اپنی بات پر قائم ہیں کہ بیوی، شوہر کی ماں نہیں ہوتی اور بیویوں کو ایسی کوشش بھی نہیں کرنی چاہیے۔
نادیہ جمیل نے اپنی پوسٹ میں بتایا کہ وہ اپنے شوہر کی ماں نہیں ہیں، ان کے شوہر کی والدہ زندہ ہیں اور نہ کبھی ان کے شوہر نے انہیں والدہ کے طور پر دیکھا ہے۔
انہوں نے لکھا کہ بطور بیوی اور ماں ان کے کردار مختلف ہیں، وہ شوہر کا دوسری طرح خیال رکھتی ہیں جب کہ بیٹے کا خیال رکھنے کا ان کا طریقہ مختلف ہے اور ہر کسی کا اپنا اپنا ذاتی مختلف طریقہ ہوتا ہے۔
نادیہ جمیل نے لکھا کہ شادی کے بعد شوہر اور بیوی کے تعلقات منفرد ہوجاتے ہیں، وہ ایک دوسرے کا خیال رکھتے ہیں لیکن کبھی بھی بیوی، شوہر کی ماں نہیں بنتی، نہ وہ اس کی جگہ لے سکتی ہے۔
اداکارہ کے مطابق بطور ماں وہ اپنے بچوں کے لیے ہمیشہ تیار رہیں گی لیکن یہ ممکن ہے کہ وہ شوہر کے لیے اس طرح نہ ہوں۔
انہوں نے ایک بار پھر لکھا کہ بیویوں کو شوہروں کی ماں بننا چاہیے، نہ وہ بن سکتی ہیں، ہر کسی کا خیال رکھنے کا اپنا اپنا طریقہ ہوتا ہے۔
نادیہ جمیل نے لکھا کہ ان کی ویڈیو کلپ میں ان کے بیان کو غلط انداز میں سمجھا اور پیش کیا گیا، اس لیے انہوں نے وضاحت کرنا ضروری سمجھی۔












لائیو ٹی وی