دلجیت دوسانجھ نے ’سردار جی تھری‘ میں کس پاکستانی ڈیزائنر کا تیار کردہ ٹراؤزر پہنا؟
بھارتی پنجابی گلوکار و اداکار دلجیت دوسانجھ نے اپنی فلم ’سردار جی تھری‘ میں پاکستانی فیشن برانڈ راستہ کا تیار کردہ خوبصورت ایمبرائیڈڈ ٹراؤزر پہنا۔
دلجیت دوسانجھ اور ہانیہ عامر کی فلم ’سردار جی تھری‘ 27 جون کو ریلیز ہوئی، جسے بھارت کے علاوہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں نمائش کے لیے پیش کیا گیا۔
فلم باکس آفس پر شاندار بزنس کر رہی ہے اور اس نے صرف ایک ہفتے میں تقریباً 33 کروڑ 60 لاکھ بھارتی روپے کما لیے ہیں، جب کہ بہت جلد یہ 50 کروڑ کا ہندسہ عبور کرنے والی ہے۔
امریکا، کینیڈا، برطانیہ اور پاکستان میں فلم کو بے حد پسند کیا جا رہا ہے اور اسے سرحد پار پنجابی سینما کی ایک بڑی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔
حال ہی میں پاکستان کے معروف اسٹریٹ ویئر برانڈ ’راستہ‘ نے انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے بتایا کہ دلجیت دوسانجھ نے ’سردار جی تھری‘ میں ان کا تیار کردہ ایمبرائیڈڈ ٹراؤزر پہنا ہے۔
دلجیت دوسانجھ کا پہنا ہوا یہ ٹراؤزر گہرے نیلے رنگ کا ہے، جس پر سنہری روایتی نقش و نگار کی باریک کڑھائی کی گئی ہے۔
2018 میں آغاز کے بعد سے ’راستہ‘ عالمی فیشن انڈسٹری میں ایک نمایاں مقام حاصل کر چکا ہے اور سال 2023 میں یہ لندن فیشن ویک میں شرکت کرنے والا پہلا پاکستانی برانڈ بنا۔
قبل ازیں اس برانڈ کو اکیڈمی ایوارڈ یافتہ برطانوی اداکار رِز احمد نے بھی زیب تن کیا، جنہوں نے ڈزنی کی سیریز ’مس مارول‘ میں بھی کام کیا ہے۔
اس کے علاوہ بولی وڈ کے معروف شخصیات کرن جوہر اور انیل کپور بھی راستہ کے ملبوسات میں نظر آ چکے ہیں۔
پاپ میوزک کے عالمی اسٹار جسٹن بیبر بھی اس برانڈ کی تیار کردہ گلابی شرٹ پہن چکے ہیں۔












لائیو ٹی وی