• KHI: Clear 23.8°C
  • LHR: Cloudy 14.5°C
  • ISB: Partly Cloudy 15.1°C
  • KHI: Clear 23.8°C
  • LHR: Cloudy 14.5°C
  • ISB: Partly Cloudy 15.1°C

حکومت کی جانب سے رائٹ سائزنگ میں تاخیر، توجہ ایف بی آر اصلاحات پر مرکوز ہو گئی

شائع July 9, 2025
تمام وزارتوں، ڈویژنز، اداروں اور کارپوریٹ باڈیز کی رائٹ سائزنگ 30 جون تک مکمل نہیں کی جاسکی
— فائل فوٹو: بلومبرگ
تمام وزارتوں، ڈویژنز، اداروں اور کارپوریٹ باڈیز کی رائٹ سائزنگ 30 جون تک مکمل نہیں کی جاسکی — فائل فوٹو: بلومبرگ

وفاقی حکومت کے ڈھانچے کو مختصر اور مؤثر بنانے (رائٹ سائزنگ) کی اصل ڈیڈ لائن جون میں مکمل ہونے کے باوجود، کابینہ کمیٹی برائے رائٹ سائزنگ (سی سی آر) نے منگل کے روز فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی اصلاحات کی طرف توجہ مرکوز کی، جسے پاکستان کے مالیاتی نظام کی ’مرکزی اکائی‘ قرار دیا گیا ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں مختلف وزارتوں اور محکموں، بشمول پاور پلاننگ اینڈ مانیٹرنگ کمپنی (پی پی ایم سی)، وزارت قانون، اور ریونیو ڈویژن (ایف بی آر) کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

وزیر خزانہ پہلے ہی جنوری میں اعلان کر چکے تھے کہ تمام 42 وفاقی وزارتوں اور ان سے منسلک اداروں کی رائٹ سائزنگ مالی سال 2025 کے اختتام سے پہلے مکمل کر لی جائے گی، تاکہ کارکردگی بہتر بنائی جا سکے اور اخراجات کم کیے جا سکیں۔

انہوں نے یہ بھی اعلان کیا تھا کہ وزارت خزانہ کو تمام وزارتوں اور ڈویژنز کے نقد رقوم (کیش بیلنسز) کی مکمل نگرانی حاصل ہوگی تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ آسامیوں کے خاتمے، معمولی خدمات کی آؤٹ سورسنگ اور عارضی عملے میں کمی جیسے فیصلوں پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے، کیونکہ ان وزارتوں اور اداروں کو مالی سال 2025 میں تقریباً 840 ارب روپے کا منظور شدہ بجٹ الاٹ کیا گیا ہے اور اگر اگلے سال یہ رقم کم نہیں ہوتی تو اسے ناکامی تصور کیا جائے گا۔

اگرچہ رائٹ سائزنگ کے اثرات کو وفاقی بجٹ 2026 میں الگ سے ظاہر نہیں کیا گیا، لیکن سول حکومت کے چلانے کے اخراجات کے لیے مختص بجٹ 839 ارب روپے سے بڑھ کر 971 ارب روپے ہو گیا ہے۔

مزید یہ کہ تمام 42 یا 43 وزارتوں، ڈویژنز، ان کے ماتحت اداروں اور کارپوریٹ باڈیز کے لیے رائٹ سائزنگ کا عمل 30 جون تک مکمل نہیں کیا جا سکا، سی سی آر اس وقت مختلف وزارتوں اور اداروں کو خطوط لکھنے کے عمل میں ہے تاکہ وہ اپنی کارکردگی، کردار اور نتائج کی بنیاد پر اپنے قیام، بندش یا سائز میں کمی کے جواز کے بارے میں معلومات فراہم کریں۔

سفیر برائے خصوصی امور سلمان احمد کی زیر قیادت رائٹ سائزنگ کی ذیلی کمیٹی کی طرف سے ریونیو ڈویژن کے تنظیمی ڈھانچے سے متعلق کچھ تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔

ان تجاویز میں ادارہ جاتی اصلاحات کے لیے ایک جامع منصوبہ پیش کیا گیا جس کا مقصد ڈھانچے کی مؤثریت کو بہتر بنانا، انسانی وسائل کی موزوں تقسیم اور قومی اہداف کے ساتھ ہم آہنگی کو مضبوط کرنا ہے۔

ایک سرکاری بیان میں کہا گیا کہ اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ نتائج پر مبنی طرز حکمرانی کو فروغ دیا جائے، بہتر کارکردگی مینجمنٹ سسٹمز اور احتساب کے نظام کو اپنایا جائے تاکہ عوامی خدمات کی فراہمی کو زیادہ مؤثر اور جواب دہ بنایا جا سکے۔

وزیر خزانہ نے اجلاس کے شرکا کو یاد دلایا کہ ایف بی آر، پاکستان کے مالیاتی نظام کی ریڑھ کی ہڈی ہے اور حکومت وزیر اعظم کی منظوری سے جاری کردہ ایف بی آر کی تبدیلی کی منصوبہ بندی پر مکمل عملدرآمد کے لیے پرعزم ہے، تاکہ ٹیکس برائے جی ڈی پی تناسب میں اضافہ ہو اور ایف بی آر کو ایک جدید، مؤثر اور جواب دہ ریونیو اتھارٹی میں تبدیل کیا جا سکے، جو مالیاتی استحکام کے لیے نہایت اہم ہے۔

کارٹون

کارٹون : 18 دسمبر 2025
کارٹون : 17 دسمبر 2025