ترکیہ: آئس کریم فروش خاتون سیاح کو ہراساں کرنے کے الزام میں گرفتار، دکان سیل
ترکیہ کے شہر استنبول میں ایک آئس کریم فروش کو خاتون سیاح کو ہراساں کرنے کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا جب کہ اس کی دکان بھی سیل کرلی گئی۔
ترک اخبار حریت کی رپورٹ کے مطابق ترکیہ میں ایک آئس کریم فروش کو خاتون سیاح کو مبینہ طور پر جنسی طور پر ہراساں کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ کیمرے کی آنکھ میں قید محفوظ ہو گیا، جس کے بعد استنبول کی بے اولو میونسپلٹی کی مقامی انتظامیہ نے دکان کو سیل کر دیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ بے اولو میں ایک آئس کریم فروش نے خاتون سیاح کے ساتھ کون ٹرک کھیلتے ہوئے مبینہ طور پر اسے اس وقت ہراساں کیا جب وہ آئس کریم لینے کی کوشش کر رہی تھی۔
آئس کریم فروش کی اس حرکت کی ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد سوشل میڈیا پر شدید تنقید کی گئی جس کے بعد بے اولو میونسپلٹی کی ٹیموں نے ایکشن لیتے ہوئے دکان کو سیل کر دیا۔
بے اولو کے میئر اینان گنے نے ’ایکس‘ پر پولیس کی جانب سے دکان سے سامان ہٹانے کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’ہماری میونسپل پولیس ٹیموں نے متعلقہ دکان کو سیل کر دیا ہے‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ بے اولو ایک ایسا ضلع ہے جہاں تمام خواتین محفوظ طریقے سے چل پھر سکیں گی، اور ہم اس کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھائیں گے۔











لائیو ٹی وی