بھارتی ریاست میں ایک ماہ سے پھنسے برطانوی ایف-35 لڑاکا طیارے کی واپس روانگی کا امکان
برطانوی ایف-35 (بی) لڑاکا طیارہ جو تقریباً ایک ماہ سے بھارت کے ایک ایئرپورٹ پر پھنسا ہوا تھا، اس کا آئندہ ہفتے وطن واپسی کیلئے اڑان بھرنے کا امکان ہے، جس پر سوشل میڈیا پر میمز بھی بنائے گئے تھے۔
نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کی رپورٹ کے مطابق رائل نیوی کا یہ طیارہ 14 جون کو بھارتی ریاست کیرالہ کے دارالحکومت میں واقع ترواننت پورم انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کے بعد سے وہیں کھڑا ہے، حالانکہ اس کی مرمت کی کوششیں کی جا چکی ہیں۔
بھارتی فضائیہ نے گزشتہ ماہ کہا تھا کہ وہ طیارے کی مرمت اور واپسی میں مدد کرے گی، طیارے نے یہ ہنگامی لینڈنگ بحیرہ عرب کے اوپر پرواز کے دوران کی تھی، جب وہ کیرالہ کے ساحل کے قریب تھا۔
ایک برطانوی ہائی کمیشن کے ترجمان نے رائٹرز کو بتایا تھا کہ برطانیہ نے طیارے کو ایئرپورٹ کے مینٹیننس، مرمت اور اوورہال مرکز منتقل کرنے کی پیشکش قبول کر لی ہے۔
ایسوسی ایٹڈ پریس نے آج رپورٹ کیا کہ حکام کے مطابق انجینئرز امید کر رہے ہیں کہ اگلے چند دنوں میں طیارے کی مرمت مکمل کر لی جائے گی، جس کے بعد وہ آئندہ ہفتے کسی وقت برطانیہ واپس پرواز کر سکے۔
برطانوی ہائی کمیشن نے اس بات کی تصدیق کی کہ ایک برطانوی انجینئرنگ ٹیم طیارے کا ’معائنہ اور مرمت‘ کرنے کے لیے تعینات کی گئی ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارت میں قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں کہ اگر انجینئرز طیارے کو ٹھیک نہ کر سکے تو اسے جزوی طور پر کھول کر کارگو طیارے میں منتقل کیا جا سکتا ہے، تاہم برطانیہ کی وزارت دفاع نے ایک ای میل بیان میں ان قیاس آرائیوں کو ’مسترد‘ کر دیا تھا۔
رواں ماہ کے آغاز میں برطانیہ کے وزیر برائے مسلح افواج لوک پولارڈ نے پارلیمنٹ کو بتایا تھا کہ رائل ایئر فورس کی ایک ٹیم ترواننت پورم میں موجود ہے اور بھارتی حکام کے ساتھ کام کر رہی ہے۔
ادھر، کیرالہ کے سیاحت بورڈ نے بھی طیارے کی موجودگی کو ایک موقع کے طور پر استعمال کیا اور 2 جولائی کو ناریل کے درختوں کے پس منظر میں طیارے کی ایک مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ تصویر پوسٹ کی، جس کا کیپشن تھا کہ ’کیرالہ، ایک منزل جہاں سے آپ جانا نہیں چاہیں گے۔‘
کیرالہ کے سیاحت سیکریٹری بیجو کے نے رائٹرز کو بتایا کہ یہ ہماری سیاحتی مہم کا حصہ تھا، یہ ہماری سب سے جدید اور توجہ حاصل کرنے والی مہمات میں سے ایک رہی ہے۔
وائرل سوشل میڈیا پوسٹ، جو ابتدا میں تفریحی ویب سائٹ دی فوکسی نے بنائی تھی، میں طیارہ کیرالہ کو پانچ سنہری ستارے دیتے ہوئے دکھایا گیا ہے اور اسے ’ایک شاندار جگہ‘ قرار دیا گیا ہے۔
تصویر میں طیارے کے الفاظ نقل کیے گئے ہیں کہ ’میں یہاں سے جانا نہیں چاہتا، اس جگہ دورہ کرنے کی ضرور تجویز دوں گا۔











لائیو ٹی وی