کراچی: شاہ لطیف سے ملنے والی نامعلوم خاتون کی لاش کا مقدمہ درج
ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی کے علاقے شاہ لطیف سے ملنے والی نامعلوم خاتون کی لاش کا مقدمہ درج کر لیا گیا جبکہ سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) ملیر کے مطابق خاتون کی لاش 10 سے 12 روز پرانی لگتی ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق ایس ایس پی ملیر کا کہنا تھا کہ خاتون کی لاش کا پوسٹ مارٹم مکمل کر لیا گیا، ابتدائی طور پر لاش 10سے 12 روز پرانی لگتی ہے۔
ایس ایس پی ملیر نے مزید کہا کہ لاش پرانی ہونے کی وجہ سےفنگرپرنٹس نہیں مل سکے، مقدمہ تھانہ شرافی گوٹھ میں سرکار کی مدعیت میں درج کیا گیا۔
ایس ایس پی ملیر کے مطابق واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ 2 روز قبل کراچی کے علاقے شرافی گوٹھ میں ملیر ندی کے قریب ڈرم سے ایک نامعلوم عورت کی لاش برآمد ہوئی تھی۔
پولیس کا کہنا تھا کہ لاش کو ہاتھ پاؤں باندھ کر ڈرم میں بند کیا گیا تھا، ابتدائی معائنے سے اندازہ لگایا گیا تھا کہ عورت کی عمر 30 سال کے لگ بھگ ہے، واقعے کے بارے میں بتایا گیا تھا کہ ملزمان ایک گاڑی میں سوار ہو کر آئے اور ڈرم کو مین روڈ پر پھینک کر فرار ہو گئے تھے۔
لاش کو فوری طور پر جناح ہسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں ڈاکٹروں کے مطابق لاش سے شدید تعفن اٹھ رہا تھا، پولیس نے کیمیکل تجزیے کے لیے لاش کے نمونے حاصل کر لیے تھے تاکہ موت کی وجہ اور وقت کا درست تعین کیا جا سکے۔












لائیو ٹی وی